پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق لکی مروت میں سیکیورٹی فورسز نے انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن کے دوران کالعدم تحریک طالبان پاکستان (ٹی ٹی پی) کے 12 دہشت گردوں کو ہلاک کردیا۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ آپریشن لکی مروت میں دہشت گردوں کی موجودگی کی اطلاع پر کیا گیا۔ سیکورٹی فورسز کو دہشت گردوں کے ساتھ اس وقت فائرنگ کا سامنا کرنا پڑا جب وہ ایک گاڑی میں علاقے سے فرار ہو رہے تھے۔
آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ مقابلے میں 12 دہشت گرد مارے گئے اور ان کی تحویل سے اسلحہ اور افغان کرنسی ضبط کرلی گئی۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کے بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ علاقے کے قبائلی رہنماؤں نے علاقے سے دہشت گردوں کے خاتمے پر سیکیورٹی فورسز کی کارروائی کو سراہا ہے۔
اس سے قبل جنوری کے مہینے میں، پولیس نے خیبر پختونخوا (کے پی) کے ضلع لکی مروت میں ایک پولیس اسٹیشن پر دہشت گردوں کے مسلح حملے کو ناکام بنا دیا تھا۔
پولیس نے میڈیا کو بتایا کہ وارگارا پولیس اسٹیشن کے تمام اہلکار دہشت گرد حملے میں محفوظ رہے۔
دہشت گردوں کو پولیس فورس اور مقامی لوگوں کی جانب سے سخت جوابی کارروائی کا سامنا کرنا پڑا۔ دہشت گرد رات کی تاریکی کا فائدہ اٹھاتے ہوئے موقع سے فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے۔