روسی افواج نے یوکرین کے متعدد شہروں پر حملے کیے ہیں جس کے نتیجے میں کیف کے رہائشی علاقے میں ڈرون حملے میں کم از کم چار افراد ہلاک ہو گئے ہیں۔
بدھ کی علی الصبح دارالحکومت کے مضافات میں واقع رزیشچیف شہر میں طالب علموں کے دو ہاسٹل کی بالائی منزلوں کو نشانہ بنایا گیا۔
امدادی اداروں کا کہنا ہے کہ زخمیوں میں ایک 11 سالہ بچہ بھی شامل ہے۔
دوسری جانب روس کے زیر قبضہ کرائمیا کے حکام کا کہنا ہے کہ ان کے بیڑے پر یوکرین کے ڈرون حملے کو پسپا کر دیا گیا ہے۔
بندرگاہی شہر سیواستوپول کے رہائشیوں نے دھماکوں کی اطلاع دی۔
روس کی قابض اتھارٹی کے سربراہ میخائل رازوژیف نے کہا ہے کہ بحیرہ اسود کے بحری بیڑے کو نشانہ بنانے والی تین 'اشیاء' کو تباہ کر دیا گیا ہے اور روسی جنگی جہازوں کو کوئی نقصان نہیں پہنچا ہے۔
یوکرین کی فوج کی جانب سے اس حوالے سے کوئی بیان سامنے نہیں آیا ہے جس نے رواں ہفتے کے اوائل میں کہا تھا کہ اس نے شمالی کرائمیا کے علاقے ذہانکوئی میں ایک ریل ہب میں بحری بیڑے کے لیے مقرر کردہ میزائل وں کو تباہ کر دیا ہے۔