معیشت کو دوبارہ پٹری پر لانے کی کوششیں جاری ہیں، اسحاق ڈار

 


اسلام آباد: وفاقی وزیر خزانہ اسحاق ڈار نے کہا ہے کہ حکومت معیشت کو مشکل صورتحال سے نکالنے کے لیے ہر ممکن کوشش کر رہی ہے تاکہ اسے پائیدار معاشی ترقی کی راہ پر گامزن کیا جا سکے۔


اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری (آئی سی سی آئی) سے خطاب کرتے ہوئے وزیر خزانہ نے کہا کہ دوست ممالک سے توقع ہے کہ وہ پاکستان کے ساتھ اپنے وعدوں کو عملی جامہ پہنائیں گے جس سے بین الاقوامی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف) کے ساتھ معاہدہ ختم کرنے اور معیشت کی بحالی کی راہ ہموار ہوگی۔

انہوں نے کہا کہ 2016 میں پاکستان ایک ابھرتی ہوئی معیشت تھا کیونکہ توقع کی جارہی تھی کہ یہ دنیا کی 18 ویں مضبوط ترین معیشت بن جائے گا لیکن اب اسے سنگین معاشی چیلنجز کا سامنا ہے۔


انہوں نے کہا کہ پاکستان ڈیفالٹ نہیں کرے گا اور حکومت اسے مشکل صورتحال سے نکالنے کے لئے ہر ممکن کوشش کر رہی ہے تاکہ اسے پائیدار اقتصادی ترقی کی راہ پر گامزن کیا جا سکے۔

انہوں نے سفارتکاروں کے لئے افطار ڈنر کے انعقاد پر آئی سی سی آئی کے اقدام کو سراہا۔


آئی سی سی آئی کے صدر احسن ظفر بختاوری نے اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے حکومت پر زور دیا کہ وہ معاشی پالیسیوں میں تسلسل کو یقینی بنائے جس سے کاروباری برادری اور سرمایہ کار اعتماد کے ساتھ پاکستان میں سرمایہ کاری کرسکیں گے۔

انہوں نے یقین دلایا کہ تاجر برادری معیشت کی بحالی کی کوششوں میں حکومت کا بھرپور ساتھ دے گی۔


انہوں نے سفارتکاروں کے لئے پاکستان میں کاروبار اور سرمایہ کاری کے مواقع پر روشنی ڈالی اور کہا کہ پاکستان 220 ملین سے زائد صارفین کی ایک بہت بڑی مارکیٹ ہے اور اپنی معیشت کے مختلف شعبوں میں سرمایہ کاری کے زبردست مواقع پیش کرتا ہے۔


انہوں نے کہا کہ غیر ملکی سرمایہ کار پاکستان میں ٹیکنالوجی منتقل کریں اور دلچسپی کے شعبوں میں جوائنٹ وینچرز اور سرمایہ کاری کی تلاش کریں۔

Previous Post Next Post

Contact Form