متحدہ عرب امارات پاکستان میں سرمایہ کاری پورٹ فولیو بڑھانے کا خواہاں

 اسلام آباد(ڈیلی پاکستان آن لائن)وزیراعظم شہباز شریف سے حیات بائیو ٹیک کے چیئرمین اور متحدہ عرب امارات کے حکمران خاندان کے رکن شیخ احمد دلمک المکتوم نے وفد کے ہمراہ ملاقات کی۔


وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان متحدہ عرب امارات کے ساتھ تجارت اور سرمایہ کاری سمیت مختلف شعبوں میں برادرانہ تعلقات کو مزید وسعت دینے کو انتہائی اہمیت دیتا ہے۔



وزیراعظم نے حیات بائیو ٹیک کی جانب سے پاکستان کے فارماسیوٹیکل سیکٹر بالخصوص ویکسین مینوفیکچرنگ میں سرمایہ کاری میں گہری دلچسپی کا خیر مقدم کیا۔ انہوں نے وفد کو قابل تجدید توانائی کے شعبے میں سرمایہ کاری کی دعوت دی اور یقین دلایا کہ غیر ملکی سرمایہ کاروں کو ہر ممکن سہولت فراہم کی جائے گی۔


شیخ مکتوم نے کہا کہ وہ پاکستان میں سرمایہ کاری کے وسیع امکانات سے آگاہ ہیں اور متحدہ عرب امارات توانائی اور صحت کے شعبوں میں اپنے اثر و رسوخ کو مزید وسعت دینے کا خواہاں ہے۔ انہوں نے پاکستان میں متحدہ عرب امارات کے سرمایہ کاری پورٹ فولیو کو مزید وسعت دینے کی خواہش کا اظہار کیا۔


انہوں نے وزیر اعظم کو حکومت سندھ کے تعاون سے جاری 1200 میگاواٹ کے پاور پلانٹ منصوبے کے بارے میں بھی آگاہ کیا جو شمسی اور ہوا توانائی کا ہائبرڈ پاور پلانٹ ہوگا۔

Previous Post Next Post

Contact Form