اسلام آباد(ڈیلی پاکستان آن لائن)اسلام آباد کی ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن عدالت نے توشہ خانہ کیس میں عمران خان کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری برقرار رکھتے ہوئے ان کی درخواست مسترد کردی۔
ایڈیشنل سیشن جج ظفر اقبال نے چیئرمین تحریک انصاف کے وارنٹ گرفتاری معطل کرنے کی درخواست پر فیصلہ سنایا۔
ایڈیشنل سیشن جج ظفر اقبال نے دلائل سننے کے بعد درخواست پر فیصلہ محفوظ کرلیا۔
الیکشن کمیشن کے وکیل نے وارنٹ گرفتاری معطل کرنے کی درخواست کی مخالفت کی۔ الیکشن کمیشن کے وکیل کا کہنا تھا کہ عدالت نے حاضری سے استثنیٰ کی متعدد درخواستیں مسترد کردی ہیں۔
انہوں نے کہا کہ عمران خان نے کئی بار اعلانات کیے ہیں۔ ڈی آئی جی عمران خان سے بات کرنے آئے لیکن ان پر پتھر پھینکے گئے۔ جب کوئی ملزم عدالت میں پیش ہوتا ہے تو وارنٹ معطل کر دیے جاتے ہیں۔ وکیل نے کہا کہ عدالت سے غیر معمولی ریلیف کا مطالبہ کیا جا رہا ہے۔