لاہور(ڈیلی پاکستان آن لائن)ایشیا کپ 2023 پاکستان میں کھیلے جانے کا امکان ہے جس میں بھارت اپنے میچز نیوٹرل مقام پر کھیلے گا۔
پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) اور بھارتی کرکٹ بورڈ (بی سی سی آئی) ایشین ایونٹ کو بچانے کے لیے تیزی سے آگے بڑھ رہے ہیں، جو اس سال کے آخر میں 50 اوورز کے فارمیٹ میں منعقد ہوگا۔
گزشتہ ہفتے دبئی میں ہونے والے ایشین کرکٹ کونسل (اے سی سی) کے اجلاس میں اس آپشن پر تبادلہ خیال کیا گیا تھا۔
نجم سیٹھی کی قیادت میں پی سی بی کے نمائندوں نے بی سی سی آئی ٹیم سے ملاقات کی جس میں اس کے سیکریٹری جے شاہ اور آئی پی ایل گورننگ کونسل کے چیئرمین ارون دھومل شامل تھے۔
ملاقات کے دوران اس بات پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا کہ پاکستان ایشیا کپ 2023 کی میزبانی کرے گا جبکہ بھارت اپنے میچز نیوٹرل وینیو پر کھیلے گا۔ رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ بھارت اور پاکستان کے تین بار کھیلنے کا امکان باقی ہے۔
امکان ہے کہ عمان، متحدہ عرب امارات، انگلینڈ، سری لنکا اور بنگلہ دیش اپنے میچ کھیلیں گے۔ تاہم اس بارے میں فیصلہ بعد میں کیا جائے گا۔
آئی سی سی کرکٹ ورلڈ کپ 2023 سے قبل پاکستان 50 اوورز کے ایشیا کپ کی میزبانی کرے گا جو اکتوبر اور نومبر میں بھارت میں شیڈول ہے۔