وزارت خزانہ کے پاس انتخابات کے لیے فنڈز نہیں ہیں، خواجہ آصف

 



اسلام آباد: وزیر دفاع خواجہ آصف نے کہا ہے کہ وزارت خزانہ کے پاس انتخابات کے لیے فنڈز نہیں ہیں۔
وزیر دفاع خواجہ آصف اور وزیر اطلاعات مریم اورنگزیب نے مشترکہ پریس کانفرنس میں بین الاقوامی میڈیا سے خطاب کیا۔

خواجہ آصف نے تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ ان پر قاتلانہ حملے کا الزام جھوٹ ہے۔ انہوں نے پہلے سابق آرمی چیف جنرل (ر) قمر جاوید باجوہ کی مدت ملازمت میں توسیع کی اور اب وہ ان پر الزام لگا رہے ہیں، سب سے پہلے انہوں نے اپنی برطرفی کا ذمہ دار امریکا کو ٹھہرایا۔

انہوں نے مزید کہا کہ سابق وزیراعظم عمران خان نے صوبائی اسمبلیوں کو غیر آئینی طور پر تحلیل کیا لیکن انہیں عدم اعتماد کے ووٹ سے آئینی طور پر ان کی نشست سے ہٹا دیا گیا اور اب وہ عدالتوں میں پیش نہیں ہونا چاہتے۔
وزیر دفاع خواجہ آصف نے پی ٹی آئی چیئرمین پر الزام عائد کیا کہ انہوں نے اپنے دور حکومت میں مسلم لیگ (ن) کے رہنماؤں کو جیلوں میں ڈالا۔ خواجہ آصف کا کہنا تھا کہ 3 سال کے دور میں جیل گیا اور ہماری پارٹی کے رہنما نے بھی جعلی مقدمات میں عدالتوں کا سامنا کیا۔

خواجہ آصف نے کہا کہ عمران خان ہر روز بحران پیدا کر رہے ہیں لیکن حکومت ان بحرانوں سے نمٹ رہی ہے اور پاکستان جلد ان تمام بحرانوں سے نکل آئے گا۔

خواجہ آصف کا مزید کہنا تھا کہ سابق وزیراعظم نے امریکی سازش کا جھوٹا بیانیہ بنایا لیکن سپریم کورٹ نے مداخلت کی اور ملک کو آئینی بحران سے بچایا۔


Previous Post Next Post

Contact Form