صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے وزیراعظم شہباز شریف کو خط لکھا ہے جس میں انہوں نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی ہے کہ وہ پنجاب اور خیبر پختونخوا میں انتخابات کرانے میں الیکشن کمیشن آف پاکستان (ای سی پی) کی مدد کریں۔
صدر مملکت نے وزیراعظم شہباز شریف کو لکھے گئے خط میں کہا ہے کہ پنجاب اور خیبر پختونخوا کے انتخابات بروقت کرانے کے لیے متعلقہ حکام کو ہدایت کی جائے اور توہین عدالت کی پیچیدگیوں میں ملوث نہ ہونے کے لیے اقدامات کیے جائیں۔
خط میں مزید کہا گیا ہے کہ وزیراعظم متعلقہ حکام کو ہدایت کریں کہ وہ سوشل اور پرنٹ میڈیا پر انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں سے گریز کریں جیسا کہ حالیہ دنوں میں ہوا ہے۔
الیکشن کمیشن آف پاکستان (ای سی پی) نے پنجاب میں 30 اپریل کو ہونے والے ضمنی انتخابات ملتوی کرنے کا اعلان کیا ہے۔
الیکشن کمیشن نے 8 مارچ کو جاری ہونے والا پنجاب الیکشن پروگرام کا نوٹیفکیشن واپس لے لیا اور پنجاب کے انتخابات ملتوی کرنے کا فیصلہ کرتے ہوئے پنجاب میں انتخابات کی نئی تاریخ 08 اکتوبر مقرر کردی۔
ترجمان الیکشن کمیشن کا کہنا ہے کہ صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی کو بھی پنجاب میں انتخابات ملتوی کرنے سے آگاہ کردیا گیا ہے، نیا انتخابی شیڈول جلد جاری کیا جائے گا۔