وزیراعلیٰ پنجاب کی آٹے کی تقسیم کے مراکز پر ناخوشگوار واقعات پر برہمی کا اظہار

 


لاہور: (دنیا نیوز) پنجاب حکومت نے آٹے کی مفت تقسیم کے مراکز صبح 6 بجے سے کھولنے کا فیصلہ کیا ہے۔

نگران وزیراعلیٰ محسن نقوی کی زیر صدارت اجلاس میں مفت آٹے کی تقسیم کے مراکز کو صبح 6 بجے کھولنے کا وقت مقرر کیا گیا۔

انہوں نے کہا کہ وزراء اور سیکرٹریز تین دن تک مختلف اضلاع میں فرائض سرانجام دیں گے۔ محسن نقوی نے کہا کہ وہ صورتحال کا جائزہ لینے کے لئے آٹے کی تقسیم کے مراکز کا دورہ کریں گے۔

انہوں نے کہا کہ ڈی پی اوز اور ڈپٹی کمشنرز بھی صبح کے وقت مراکز پر موجود رہیں گے۔
نگران وزیراعلیٰ نے ناخوشگوار واقعات سے بچنے کے لئے آٹا تقسیم کرنے والے مراکز پر پولیس کی اضافی نفری تعینات کرنے کی بھی ہدایت کی۔

نقوی نے ساہیوال اور صوبے کے دیگر شہروں میں آٹے کے مراکز پر بھگدڑ مچنے اور ہنگامہ آرائی کے واقعات پر برہمی کا اظہار کیا۔ انہوں نے حکام کو عطا مراکز پر بھیڑ کے بہتر انتظام کی ہدایت کی۔

نگران وزیراعلیٰ نے کہا کہ عوامی اعلانات کے ذریعے عوام کو قطاروں میں کھڑے ہونے کی ہدایت اور مشورہ دیا جائے۔
وزیراعلیٰ پنجاب کی زیر صدارت اجلاس کو بتایا گیا کہ پنجاب بھر میں اب تک ایک کروڑ 32 لاکھ آٹے کی بوریاں تقسیم کی جا چکی ہیں۔

اجلاس میں بتایا گیا کہ آج 21 لاکھ آٹے کی بوریاں تقسیم کی گئی ہیں جو مختصر وقت میں سب سے زیادہ ہیں۔

واضح رہے کہ پنجاب میں آٹے کی تقسیم کے مختلف مراکز پر مفت آٹے کی تقسیم کے دوران بھگدڑ مچنے اور زبردستی دھکا دینے کے متعدد واقعات رپورٹ ہوئے ہیں۔


Previous Post Next Post

Contact Form