اسلام آباد(ڈیلی پاکستان آن لائن)وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات مریم اورنگزیب نے امریکا کے خصوصی ایلچی برائے افغانستان زلمے خلیل زاد کی جانب سے سابق وزیراعظم عمران خان کے حق میں ٹویٹ کی شدید الفاظ میں مذمت کی ہے۔
ایک بیان میں وزیر اطلاعات نے کہا کہ یہودی لابی اپنے کٹھ پتلی کو بچانے کے لیے آگے آئی ہے اور غیر ملکی فنڈنگ میں ملوث مجرموں کے ہینڈلرز سامنے آ رہے ہیں۔
مریم اورنگزیب نے کہا کہ پاکستان میں معاشی، سیاسی اور سفارتی تباہی کا ذمہ دار غیر ملکی کٹھ پتلی ہے۔
انہوں نے کہا کہ غیر ملکی کٹھ پتلی نے اپنے چار سالہ دور حکومت میں انسانی حقوق کی بدترین خلاف ورزیوں کا ارتکاب کیا، انہوں نے مزید کہا کہ عمران خان کو بین الاقوامی سطح پر میڈیا پریڈیٹر قرار دیا گیا ہے۔
وزیر اطلاعات نے الزام عائد کیا کہ بین الاقوامی لابیسٹ پاکستان میں خانہ جنگی پیدا کرنے کے لئے متحرک ہوگئے ہیں اور زلمے کا ٹویٹ اسی منصوبے کی ایک کڑی ہے۔
زلمے خلیل زاد نے خبردار کیا تھا کہ سابق وزیراعظم اور پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے چیئرمین کی گرفتاری سے ملک کو درپیش بحران مزید گہرا ہوجائے گا۔