پی ٹی آئی کا جنوبی پنجاب میں انتخابی جلسوں کا اعلان

 




لاہور: پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) نے مینار پاکستان لاہور میں کامیاب پاور شو کے بعد اپنی انتخابی مہم تیز کرنے کا فیصلہ کرتے ہوئے جنوبی پنجاب میں ریلیاں نکالنے کا اعلان کردیا۔

ذرائع نے اے آر وائی نیوز کو بتایا کہ پی ٹی آئی نے پنجاب اور خیبر پختونخوا کے انتخابات میں تاخیر سے متعلق سپریم کورٹ میں زیر سماعت کیس کے باوجود اپنی انتخابی مہم جنوبی پنجاب منتقل کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ لاہور کے بعد تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان لودھراں میں پارٹی کے دوسرے جلسے سے خطاب کریں گے، لودھراں کے جلسے کی تاریخ کا اعلان جلد کیا جائے گا۔
پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے رہنما مسرت جمشید چیمہ نے کہا ہے کہ جنوبی پنجاب میں پی ٹی آئی کے جلسوں کا شیڈول جلد جاری کر دیا جائے گا۔

سابق وزیر اعظم عمران خان نے ہفتہ کی شب لاہور کے مینار پاکستان پر ایک 'تاریخی' جلسے کے دوران ملک کی خوشحالی کے لیے 'اقتصادی روڈ میپ' پیش کیا۔

پاور شو سے خطاب کرتے ہوئے عمران خان نے پنجاب حکومت کی جانب سے پیدا کی گئی رکاوٹوں کے باوجود جلسہ گاہ تک پہنچنے پر پارٹی کارکنوں اور حامیوں کی تعریف کی۔
پی ٹی آئی سربراہ نے الزام عائد کیا کہ ان کی حکومت کو ایک 'سازش' اور 'مجرموں کے گروہ' کے تحت ملک پر مسلط کیا گیا تھا۔ انہوں نے کہا کہ آج یہ پیغام دیا جانا چاہئے کہ کوئی بھی طاقت کے زور پر لوگوں کے جذبے کو روک نہیں سکتا۔

پنجاب حکومت کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے عمران خان نے دعویٰ کیا کہ پی ٹی آئی کے دو ہزار سے زائد کارکنوں کو لے جایا گیا ہے اور کنٹینرز رکھے گئے ہیں تاکہ پارٹی حامیوں کو جلسہ گاہ تک پہنچنے سے روکا جا سکے۔


Previous Post Next Post

Contact Form