عمران خان کی پالیسیوں نے پاکستان میں دہشت گردی کو واپس لایا، بلاول بھٹو


 

اسلام آباد: (دنیا نیوز) وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ عمران خان نے پاکستان میں دہشت گردی کو واپس لایا۔


قومی اسمبلی سے خطاب کرتے ہوئے چیئرمین پیپلز پارٹی نے کہا کہ مسلح افواج اور قوم نے پاکستان سے دہشت گردی کی لعنت کا صفایا کیا لیکن سابق وزیراعظم عمران خان نے فیصلہ کیا کہ وہ اے پی ایس کے دہشت گردوں کو معاف کریں گے اور پھر انہیں جیلوں سے رہا کیا۔


انہوں نے کہا کہ سابق آرمی چیف نے ایک انٹرویو میں انکشاف کیا کہ اسٹیبلشمنٹ سیاسی معاملات میں ملوث ہوتی تھی لیکن اب وہ ان معاملات میں مداخلت نہیں کرتی۔


بلاول بھٹو نے چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کو شدید تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ وہ ملک کے معاشی بحران کی وجہ ہیں۔

انہوں نے کہا کہ جمہوریت مخالف قوتوں نے ہائبرڈ جنگ کا آغاز اس وقت کیا جب میثاق جمہوریت پر دستخط ہوئے۔ اس وقت میڈیا کے ذریعے ایک سیاستدان کی کردار کشی کا سلسلہ جاری تھا۔ بلاول بھٹو نے مزید کہا کہ سابق چیف جسٹس بھی اس ہائبرڈ جنگ کا حصہ تھے۔


قبل ازیں قومی اسمبلی نے سپریم کورٹ (پریکٹس اینڈ پروسیجر) بل 2023 کی منظوری دے دی تھی جس کا مقصد چیف جسٹس آف پاکستان کے ازخود نوٹس کے اختیارات کو کم کرنا ہے۔


یہ بل وفاقی وزیر قانون و انصاف اعظم نذیر تارڑ نے پیش کیا۔

Previous Post Next Post

Contact Form