ملک بوستان نے حکومت کو سالانہ 12 ارب ڈالر کی پیشکش کر دی


 

فاریکس ایسوسی ایشن آف پاکستان (ایف اے پی) کے صدر ملک بوستان نے تجویز دی ہے کہ اگر حکومت براہ راست تبادلے کی پالیسی کے ذریعے بیرون ملک مقیم پاکستانیوں سے ڈالر حاصل کرنے کی اجازت دے تو ایکسچینج کمپنیاں سالانہ 12 ارب ڈالر تک کا انتظام کر سکتی ہیں۔

اسلام آباد(ڈیلی پاکستان آن لائن)قائمہ کمیٹی برائے خزانہ و محصولات کا اجلاس قیصر احمد شیخ کی زیر صدارت پارلیمنٹ ہاؤس اسلام آباد میں منعقد ہوا۔

کمیٹی کو بریفنگ دیتے ہوئے ایف اے پی کے صدر ملک بوستان نے کہا کہ ایسوسی ایشن نے وزارت خزانہ اور اسٹیٹ بینک آف پاکستان (ایس بی پی) کے ساتھ اجلاس طلب کیے ہیں تاکہ ملک میں ڈالر کی قلت سے نمٹنے کے لئے کچھ قابل عمل میکانزم تیار کیا جاسکے۔

انہوں نے کہا کہ ایکسچینج کمپنیاں کمرشل بینکوں کے ذریعے حکومت کو ماہانہ 30 0 ملین ڈالر سے 400 ملین ڈالر اور سالانہ 4 ارب ڈالر فراہم کرتی ہیں۔

ملک بوستان نے کہا کہ اگر حکومت براہ راست تبادلے کی پالیسی کے ذریعے بیرون ملک مقیم پاکستانیوں سے ڈالر حاصل کرنے کی اجازت دے تو ایکسچینج کمپنیاں سالانہ 12 ارب ڈالر تک کا انتظام کر سکتی ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ایکسچینج کمپنیوں نے اپریل 2022 سے اب تک موجودہ حکومت کو تقریبا 4 ارب ڈالر فراہم کیے ہیں۔

اس موقع پر وزیر مملکت برائے خزانہ عائشہ پاشا کا کہنا تھا کہ حکومت ایسی کسی اسکیم پر غور نہیں کر رہی جس کے تحت اکاؤنٹ ہولڈرز کو ذرائع پوچھے بغیر اپنے بینک اکاؤنٹس میں نقد غیر ملکی کرنسی جمع کرانے کی ون ٹائم اجازت دی جائے۔

حکومت پاکستان اور بین الاقوامی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف) نے اس بات پر اتفاق کیا ہے کہ اب مزید ایمنسٹی اسکیمیں نہیں ہوں گی۔

آئی ایم ایف ایمنسٹی سکیموں کے تصور کے خلاف ہے۔ اس لئے حکومت کھاتہ داروں کے لئے کسی اسکیم پر غور نہیں کر رہی ہے۔

کمیٹی نے یہ بھی خواہش ظاہر کی کہ وزیر خزانہ آئندہ اجلاس میں شرکت کریں اور کمیٹی کو حکومت پاکستان اور آئی ایم ایف کے درمیان معاہدوں میں تاخیر کے بارے میں بریفنگ دیں۔

کمیٹی کے رکن برگیس طاہر نے اجلاس میں انکشاف کیا کہ پی ٹی آئی کے دور حکومت میں تقریبا 600 افراد نے صفر شرح سود پر 3 ارب ڈالر کے قرضے حاصل کیے۔ انہوں نے اسٹیٹ بینک حکام سے عوام کی تفصیلات اور قرضوں کی شرائط پیش کرنے کو کہا۔

ڈپٹی گورنر اسٹیٹ بینک کا کہنا تھا کہ کمرشل بینکوں نے ان لوگوں کو قرضے فراہم کیے ہیں اور یہ خفیہ معلومات ہیں جنہیں ہم ان کیمرہ میٹنگ میں شیئر کرسکتے ہیں۔

چیئرمین کمیٹی نے اسٹیٹ بینک کو ہدایت کی کہ آئندہ اجلاس میں قرضوں کی شرائط کے ساتھ عوام کے نام بھی فراہم کیے جائیں۔

Previous Post Next Post

Contact Form