راولپنڈی(ڈیلی پاکستان آن لائن)خیبر پختونخوا کے ضلع جنوبی وزیرستان میں انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن کے دوران پاک فوج کے 2 جوان شہید جبکہ 8 دہشت گرد ہلاک ہوگئے۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق سیکیورٹی فورسز نے جنوبی وزیرستان کے علاقے زرملان میں انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن کیا۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق آپریشن کے دوران سیکیورٹی فورسز اور دہشت گردوں کے درمیان شدید فائرنگ کا تبادلہ ہوا۔
فوج کے میڈیا ونگ نے مزید کہا کہ "فوجیوں نے دہشت گردوں کے ٹھکانے کو مؤثر طریقے سے نشانہ بنایا، جس کے نتیجے میں آٹھ دہشت گرد مارے گئے جو سیکیورٹی فورسز کے خلاف دہشت گردی کی سرگرمیوں میں فعال طور پر ملوث تھے اور بے گناہ شہریوں کو ہلاک کیا گیا تھا۔"
اس میں مزید کہا گیا ہے کہ مارے گئے دہشت گردوں کے پاس سے اسلحہ اور گولہ بارود بھی برآمد کیا گیا ہے۔
بیان کے مطابق ضلع کرم کے علاقے پاراچنار کے رہائشی 25 سالہ لانس نائیک شعیب علی اور ضلع لکی مروت کے رہائشی 22 سالہ سپاہی رفیع اللہ نے بہادری سے مقابلہ کیا لیکن وہ شہید ہوگئے۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کا کہنا ہے کہ علاقے میں موجود دیگر دہشت گردوں کے خاتمے کے لیے علاقے کی صفائی کی جا رہی ہے۔ بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ سیکیورٹی فورسز دہشت گردی کی لعنت کے خاتمے کے لیے پرعزم ہیں اور ہمارے بہادر جوانوں کی اس طرح کی قربانیاں ہمارے عزم کو مزید مضبوط کرتی ہیں۔