تفصیلات کے مطابق سندھ کے شہر سکھر میں مسلح تصادم کے نتیجے میں خواتین اور بچوں سمیت 6 افراد جاں بحق ہوگئے۔
سکھر میں دو گروپوں کے درمیان مسلح تصادم ہوا جس میں خواتین اور بچوں سمیت 6 افراد جاں بحق جبکہ 4 زخمی ہوگئے۔ یہ جھڑپ بندوق کے حملے میں ایک شخص کی ہلاکت کے بعد شروع ہوئی۔
بعد ازاں مخالف گروپ نے شدید فائرنگ اور راکٹ حملے کیے۔ سینئر سپرنٹنڈنٹ پولیس (ایس ایس پی) سکھر نے بتایا کہ ایک گروپ کے کچھ افراد عید کی خریداری کے بعد اپنے گھر واپس جا رہے تھے کہ مخالف گروپ نے ان پر فائرنگ کردی جس کے نتیجے میں ایک شخص جاں بحق اور دوسرا زخمی ہوگیا۔بعد ازاں گروپ نے بدلہ لینے کے لیے مخالف گروپ کے گھروں پر راکٹ حملہ کیا جس میں تین خواتین اور بچوں سمیت چھ افراد ہلاک ہو گئے۔ لاشوں اور زخمیوں کو سول اسپتال سکھر منتقل کردیا گیا ہے۔
ذرائع نے بتایا کہ یہ گروپ 15 سال سے زمین کے تنازعے میں ملوث تھے اور گروپوں کے درمیان مسلح جھڑپوں میں 10 سے زیادہ افراد ہلاک ہوئے تھے۔
پولیس کی بھاری نفری نے علاقے کو گھیرے میں لے لیا تاہم صورتحال اب بھی کشیدہ ہے۔