سمرقند(ڈیلی پاکستان آن لائن)پاکستان اور روس نے تجارت و سرمایہ کاری، توانائی اور فوڈ سیکیورٹی کے شعبوں میں دوطرفہ تعاون کو مزید فروغ دینے کی اہمیت پر اتفاق کیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق وزیر مملکت برائے امور خارجہ حنا ربانی کھر نے سمرقند میں روسی وزیر خارجہ سرگئی لاوروف سے ملاقات کی جس میں دوطرفہ تعلقات کے تمام دائرہ کار کے ساتھ ساتھ علاقائی اور عالمی امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
افغانستان کے چوتھے ہمسایہ ملکوں کے اجلاس کے موقع پر ہونے والی بات چیت کے دوران انہوں نے دونوں ممالک کے باہمی فائدے کے لئے اعلی ٰ سطحی تبادلوں کی اہمیت پر اتفاق کیا۔
انہوں نے تجارت و سرمایہ کاری، توانائی اور فوڈ سیکیورٹی کے شعبوں میں دوطرفہ تعاون کو مزید فروغ دینے کی اہمیت پر اتفاق کیا۔
انہوں نے پرامن، مستحکم، خودمختار اور خوشحال افغانستان کے مشترکہ مقاصد کے فروغ کے لیے قریبی مشاورت جاری رکھنے کی اہمیت پر بھی اتفاق کیا۔
پاکستان اور روس نے شنگھائی تعاون تنظیم کے تحت مختلف اقتصادی اقدامات پر پیش رفت کا بھی جائزہ لیا۔