ریاض:(پاک آنلائن نیوز) پاکستان مسلم لیگ (ن) کے قائد نواز شریف اور نائب صدر مریم نواز نے سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان سے ملاقات کی ہے۔
ملاقات کے دوران فریقین نے پاکستان کو درپیش موجودہ مسائل اور ان کے حل پر تبادلہ خیال کیا۔
ذرائع کے مطابق سابق وزیراعظم اور ولی عہد کے درمیان ملاقات مثبت رہی۔
تین مرتبہ وزیر اعظم رہنے والے اور مسلم لیگ (ن) کے چیف آرگنائزر اس وقت سعودی عرب میں ہیں اور انہوں نے اپنے دیگر خاندان کے ہمراہ عمرہ ادا کیا تھا، شریف خاندان 11 اپریل کو سعودی عرب پہنچا تھا۔ نواز شریف چھ سال بعد سعودی عرب کا دورہ کر رہے ہیں۔
ذرائع کا مزید کہنا ہے کہ نواز شریف نے ابتدائی طور پر 26 اپریل تک سعودی عرب میں قیام کا منصوبہ بنایا تھا لیکن حسین نواز اور ان کے اہل خانہ نے ان سے درخواست کی تھی کہ وہ جدہ میں اپنی رہائش گاہ پر قیام کو طول دیں۔
ذرائع کے مطابق نواز شریف جدہ میں خادم الحرمین الشریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز سے بھی ملاقات کریں گے۔
رواں ماہ کے اوائل میں ذرائع نے دعویٰ کیا تھا کہ سعودی فرمانروا شاہ سلمان بن عبدالعزیز آل سعود نے خیر سگالی کے اظہار کے طور پر نواز شریف اور وزیراعظم شہباز شریف کو عمرہ کی ادائیگی کے لیے سعودی عرب آنے کی دعوت دی تھی۔