علی زیدی کو جوڈیشل ریمانڈ پر جیل بھیج دیا گیا

 


کراچی: پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) سندھ کے صدر علی حیدر زیدی کو فراڈ کیس میں جوڈیشل ریمانڈ پر جیل بھیج دیا گیا۔


علی حیدر زیدی کو گزشتہ ہفتے ابراہیم حیدری تھانے میں 'فراڈ' کے الزام میں مقدمہ درج ہونے کے بعد گرفتار کیا گیا تھا۔


کراچی تحریک انصاف کے صدر کو سخت سیکیورٹی میں ملیر کی عدالت لایا گیا کیونکہ ان کے جسمانی ریمانڈ کی مدت آج ختم ہوگئی ہے۔ سماعت کے آغاز پر پولیس نے عدالت سے علی زیدی کے جسمانی ریمانڈ میں توسیع کی استدعا کی تاہم اسے مسترد کردیا گیا۔

ملیر کی عدالت نے علی زیدی کو جوڈیشل ریمانڈ پر جیل منتقل کرنے کا حکم دیتے ہوئے تفتیشی افسر کو آئندہ سماعت پر کیس کا چالان پیش کرنے کا حکم دے دیا۔

پی ٹی آئی رہنما کے خلاف پراپرٹی ڈیلر فضل الٰہی کی شکایت پر ایف آئی آر درج کی گئی تھی۔


ایف آئی آر پاکستان پینل کوڈ کی دفعہ 34 (مشترکہ ارادے کے تحت متعدد افراد کے ذریعہ کیے گئے کام)، 506 (مجرمانہ دھمکی کے لئے سزا)، 420 (دھوکہ دہی اور بے ایمانی سے جائیداد کی فراہمی)، 471 (جعلی دستاویز کو حقیقی کے طور پر استعمال کرنا) اور 468 (دھوکہ دہی کے مقصد سے جعل سازی) کے تحت درج کی گئی تھی۔


ایف آئی آر میں شکایت کنندہ نے دعویٰ کیا ہے کہ علی زیدی نے 2013 میں ان سے 18 کروڑ روپے کا قرض لیا تھا۔ انہوں نے کہا کہ ضمانت کے طور پر زیدی نے انہیں ایک کروڑ 67 لاکھ روپے مالیت کی جائیداد کے کاغذات دیے اور بقیہ ایک کروڑ 25 لاکھ روپے اگلے چھ ماہ میں ادا کرنے کا وعدہ کیا۔

Previous Post Next Post

Contact Form