چین کے وزیر اعظم کا پاکستان کے ساتھ زرعی اور تکنیکی تعاون کو تیز کرنے پر زور

 

بیجنگ(ڈیلی پاکستان آن لائن)چین کے وزیراعظم لی کیانگ نے وزیراعظم شہباز شریف سے ٹیلی فونک گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان اور چین کو زراعت، معدنیات اور ٹیکنالوجی کے شعبوں میں دوطرفہ تعاون کو تیز کرنا چاہیے۔


سرکاری میڈیا کے مطابق لی نے یہ بھی کہا کہ دونوں ممالک کو چین کے مجوزہ بیلٹ اینڈ روڈ انیشی ایٹو کے تحت نمائشی منصوبے کے طور پر چین پاکستان اقتصادی راہداری تعمیر کرنی چاہیے۔

اس سے ایک روز قبل آرمی چیف جنرل عاصم منیر نے اپنے سرکاری دورے کے دوران پیپلز لبریشن آرمی (پی ایل اے) کے کمانڈر سے 'تفصیلی' ملاقات بھی کی تھی جس میں دونوں فریقوں نے اپنی اپنی افواج کے درمیان تعلقات بڑھانے پر اتفاق کیا تھا۔


پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ ملاقات میں باہمی سیکیورٹی دلچسپی کے امور اور فوجی تعاون پر تبادلہ خیال کیا گیا۔



دونوں فوجی کمانڈروں نے خطے میں امن و استحکام برقرار رکھنے اور فوجی تعاون بڑھانے کی ضرورت کا اعادہ کیا۔

اس سے قبل چینی سفیر نے وزیر خزانہ اسحاق ڈار کو یقین دلایا تھا کہ ہمسایہ ملک پاکستان کی مدد جاری رہے گی جو ادائیگیوں کے توازن کے بحران میں گھرا ہوا ہے۔


یہ پیش رفت منگل کے روز فنانس ڈویژن میں عوامی جمہوریہ چین کے سفارت خانے کے چارجڈ افیئرز پانگ چن ژو اور اسحاق ڈار کے درمیان ملاقات کے دوران سامنے آئی۔


وزارت خزانہ کی جانب سے جاری بیان کے مطابق اسحاق ڈار نے چین اور پاکستان کے درمیان تاریخی دوطرفہ تعلقات پر روشنی ڈالی اور پاکستان کے لیے چین کی حمایت کو سراہا۔ انہوں نے اقتصادی، تجارتی اور مالیاتی شعبوں میں تعلقات کو مزید گہرا کرنے کی ضرورت پر بھی زور دیا۔

Previous Post Next Post

Contact Form