پی ٹی آئی کراچی کے اراکین قومی اسمبلی کا اجلاس میں شرکت کا فیصلہ

 


کراچی: پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کراچی کے 9 ارکان قومی اسمبلی نے قومی اسمبلی کے اجلاس میں شرکت کا فیصلہ کرلیا۔

پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کراچی کے صدر آفتاب صدیقی نے اسپیکر قومی اسمبلی راجہ پرویز اشرف کو خط لکھا ہے جس میں کہا گیا ہے کہ کراچی سے پی ٹی آئی کے 9 ایم این ایز 26 اپریل کو ہونے والے ایوان زیریں کے اجلاس میں شرکت کریں گے۔

خط میں کہا گیا ہے کہ اسپیکر کے حکم کی معطلی کے بعد ہمیں اسمبلی کے اجلاس میں شرکت کا حق حاصل ہے۔ خط کے مطابق سندھ ہائی کورٹ کے فیصلے کے بعد اسپیکر کے نوٹیفکیشن کی ضرورت نہیں ہے۔

پی ٹی آئی ذرائع کا کہنا ہے کہ اگر قومی اسمبلی کے اجلاس میں شرکت سے روکا گیا تو ہم احتجاج کریں گے اور قانونی کارروائی شروع کریں گے۔
پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) مارچ میں سندھ ہائی کورٹ سے عارضی ریلیف حاصل کرنے میں کامیاب ہوگئی تھی جب عدالت نے پارٹی کے 9 ایم این ایز کے استعفے قبول کرنے کا الیکشن کمیشن کا نوٹیفکیشن معطل کردیا تھا۔

سندھ ہائی کورٹ کے چیف جسٹس احمد علی شیخ کی سربراہی میں دو رکنی بینچ نے پی ٹی آئی اراکین اسمبلی کے استعفے منظور کرنے کے خلاف درخواستوں کی سماعت کی۔

واضح رہے کہ گزشتہ سال اپریل میں قومی اسمبلی میں سابق وزیراعظم عمران خان کو عدم اعتماد کے ووٹ سے ہٹانے کے خلاف پارٹی کے ایم این ایز نے اجتماعی استعفے دیے تھے۔

بعد ازاں کراچی سے تعلق رکھنے والے پی ٹی آئی کے ارکان نے اسپیکر قومی اسمبلی کے استعفے منظور کرنے اور خالی نشستوں پر ضمنی انتخابات کرانے کے خلاف ہائی کورٹ سے رجوع کیا تھا۔


Previous Post Next Post

Contact Form