حکومت نے میجر جنرل (ر) حفیظ الرحمان کو پی ٹی اے کا ممبر ایڈمن مقرر کر دیا

 


ذرائع نے بتایا کہ وفاقی حکومت نے میجر جنرل (ر) حفیظ الرحمان کو پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی (پی ٹی اے) کا ممبر (ایڈمنسٹریشن) مقرر کیا ہے، جنہیں ترقی دے کر اتھارٹی کا چیئرمین مقرر کیے جانے کا بھی امکان ہے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ وزیراعظم شہباز شریف کی زیر صدارت وفاقی کابینہ کے اجلاس میں رحمان کی بطور ممبر ایڈمنسٹریشن تعیناتی کی منظوری دی گئی۔
یہ منظوری وفاقی وزیر دفاع خواجہ آصف کی زیر قیادت سلیکشن کمیٹی کی سفارش پر وفاقی کابینہ سے سمری کے ذریعے طلب کی گئی تھی۔

ڈاکٹر محمد عامر ملک اس عہدے کے لیے تجویز کردہ تین امیدواروں کی فہرست میں سرفہرست تھے تاہم انہوں نے اس عہدے میں عدم دلچسپی کا اظہار کرتے ہوئے اپنی درخواست واپس لے لی۔

اس سے قبل اسلام آباد ہائی کورٹ نے ممبر (ایڈمنسٹریشن) کی تقرری روک دی تھی اور وفاق کو ہدایت کی تھی کہ وہ آئندہ سماعت تک اشتہار کے مطابق کسی بھی بھرتی کے عمل کو آگے نہ بڑھائے۔

بدھ کو اسلام آباد ہائی کورٹ نے حکم امتناع ختم کر دیا اور بعد ازاں وفاقی کابینہ نے رحمان کو ممبر (ایڈمنسٹریشن) بنانے کی منظوری دے دی۔ تاہم، درخواست معمول کے مطابق آگے بڑھ سکتی ہے۔

وفاقی حکومت نے گزشتہ ماہ نئے ممبر یعنی ممبر (ایڈمنسٹریشن) کی تقرری کا عمل شروع کیا تھا جس سے ارکان کی تعداد بڑھ کر چار ہو جائے گی۔
پی ٹی اے ممبران ٹیکنیکل، فنانس اور کمپلائنس اینڈ انفورسمنٹ پر مشتمل ہوتا ہے اور روایتی طور پر ممبر ٹیکنیکل چیئرمین بنتے ہیں۔ تاہم حکومت نے ارکان کی تعداد بڑھا کر چار کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

دوسری جانب ممبر (ٹیکنیکل) کے عہدے کے لیے اشتہار جاری ہونے کے کئی ماہ بعد بھی کابینہ ڈویژن امیدواروں کی جانچ پڑتال شروع نہیں کرسکا۔

کابینہ ڈویژن حکام کا کہنا ہے کہ ممبر (ٹیکنیکل) کے لیے امیدواروں کی جانچ پڑتال کا عمل جلد شروع کیا جائے گا اور اسکروٹنی کے بعد شارٹ لسٹنگ کا آغاز کیا جائے گا۔ عہدیداروں نے یہ نہیں بتایا کہ ممبر (ٹیکنیکل) کی تقرری کا عمل کب مکمل ہوگا۔


Previous Post Next Post

Contact Form