وزیراعظم شہباز شریف نے روڈ ٹو مکہ منصوبے میں پاکستان کو شامل کرنے پر سعودی عرب کی تعریف کی

 

اسلام آباد(ڈیلی پاکستان آن لائن)وزیراعظم محمد شہبازشریف نے روڈ ٹو مکہ منصوبے میں پاکستان کو شامل کرنے پر سعودی عرب کی تعریف کی ہے جس سے رواں سال حج پر جانے کے خواہشمند پاکستانیوں کو اسلام آباد انٹرنیشنل ایئرپورٹ کے ذریعے سہولت ملے گی۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے سعودی نائب وزیر داخلہ ڈاکٹر ناصر بن عبدالعزیز الداؤد سے ملاقات کے دوران کیا۔



سعودی وزیر نے وزیر اعظم کو بتایا کہ 'روڈ ٹو مکہ' منصوبے کو اگلے سال لاہور اور پشاور تک توسیع دی جائے گی تاکہ زیادہ سے زیادہ پاکستانی عازمین کو اہم مذہبی فریضہ کی ادائیگی میں سہولت فراہم کی جا سکے۔


وزیراعظم شہباز شریف نے گزشتہ سال سیلاب کے دوران پاکستان کی مدد پر سعودی عرب کا شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے سوڈان میں پھنسے پاکستانیوں کو نکالنے میں مدد کرنے پر سعودی عرب کا بھی شکریہ ادا کیا کیونکہ وہاں امن و امان کی صورتحال خراب ہوئی ہے۔

سعودی عرب اور ایران کے درمیان تعلقات کو معمول پر لانے کے حالیہ معاہدے کا حوالہ دیتے ہوئے انہوں نے امید ظاہر کی کہ اس سے علاقائی امن و سلامتی کے فروغ میں مدد ملے گی۔


سعودی نائب وزیر داخلہ نے اپنے اور اپنے وفد کی پرتپاک مہمان نوازی پر پاکستان کا شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان برادرانہ تعلقات کی جڑیں تاریخ میں بہت گہری ہیں۔


انہوں نے اپنے دورے کے دوران پاکستان کے وزرائے داخلہ، مذہبی امور اور انسداد منشیات کے ساتھ مفید ملاقاتوں پر اطمینان کا اظہار کیا۔

Previous Post Next Post

Contact Form