سندھ کابینہ نے ٹیچنگ لائسنس پالیسی کی منظوری دے دی

 


کراچی: سندھ کابینہ نے صوبے بھر کے اساتذہ میں پیشہ ورانہ صلاحیتوں کو بڑھانے کے لیے ٹیچنگ لائسنس پالیسی کی منظوری دے دی۔

وزیر تعلیم سندھ سردار شاہ کا کہنا ہے کہ اساتذہ کی نئی 700 آسامیوں کے لیے اساتذہ کے لائسنس ہوں گے۔

وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ کی زیر صدارت کابینہ کا اجلاس ہوا جس میں صوبائی وزراء، مشیران، خصوصی حکام، چیف سیکریٹری سہیل راجپوت، چیئرمین پی اینڈ ڈی حسن نقوی، سیکریٹری خزانہ ساجد جمال ابڑو، سیکریٹری جی اے محمد علی کھوسو اور متعلقہ افسران نے شرکت کی۔

سندھ کابینہ میں محکمہ سکول ایجوکیشن نے ٹیچنگ لائسنس پالیسی پیش کی۔ وزیر تعلیم سردار شاہ نے کہا کہ ریاضی اور سائنس کے بین الاقوامی رجحانات میں پاکستان 64 ممالک میں سے 63 ویں نمبر پر ہے۔

سردار شاہ نے کہا کہ ٹیچنگ لائسنس پالیسی کا مقصد اساتذہ میں پروفیشنل ازم لانا ہے۔ انہوں نے کہا کہ جن ممالک نے تدریسی لائسنس کا نظام متعارف کرایا ہے انہوں نے تعلیم میں ترقی کی ہے۔

وزیر تعلیم کا مزید کہنا تھا کہ تین قسم کے ٹیچنگ لائسنس ہوں گے، ان اقسام میں پرائمری، ایلیمنٹری اور سیکنڈری شامل ہیں۔ انہوں نے کہا کہ امتحان دینے کے بعد نئے اساتذہ کو لائسنس دیا جائے گا۔

ان کا کہنا تھا کہ لائسنس تاحیات نہیں بلکہ پانچ سال کے لیے ہوگا اور پانچ سال بعد اس کی تجدید کی جائے گی۔ اساتذہ کی نئی 700 اسامیوں کے لئے اساتذہ کا لائسنس ہوگا اور انہیں گریڈ بی ایس 16 میں بھرتی کیا جائے گا۔

سردار شاہ نے کہا کہ آغا خان، ڈربن اور دیگر اداروں کے ماہرین پالیسی بنائیں گے، پالیسی کے تحت ٹیچر کے پاس پروموشن کے لیے ٹیچنگ لائسنس ہونا چاہیے۔

Previous Post Next Post

Contact Form