شیریں مزاری اور یاسمین راشد پولیس کے ہاتھوں گرفتار

 


اسلام آباد(ڈیلی پاکستان آن لائن)پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کی سینئر نائب صدر شیریں مزاری اور پی ٹی آئی سینٹرل پنجاب کی صدر یاسمین راشد کو گرفتار کر لیا گیا ہے۔ 

منگل سے پرتشدد مظاہروں کے بعد ملک بھر میں پی ٹی آئی کی سینئر قیادت اور کارکنوں کے خلاف کریک ڈاؤن جاری ہے۔

ذرائع کے مطابق وفاقی دارالحکومت کے علاقے ای سیون میں واقع سابق وفاقی وزیر کے گھر پر پولیس نے چھاپہ مار کر شیریں مزاری کو گرفتار کرلیا۔ پی ٹی آئی رہنما کو تھانہ آبپارہ منتقل کردیا گیا ہے۔

شیریں مزاری کی صاحبزادی ایمان مزاری نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے پیغام میں دعویٰ کیا کہ 50 پولیس اہلکاروں نے ان کے گھر پر چھاپہ مارا اور ان کی والدہ کو گرفتار کرلیا۔
دوسری جانب پی ٹی آئی کے آفیشل ٹوئٹر ہینڈل سے تصدیق کی گئی ہے کہ یاسمین راشد کو بھی پولیس نے لاہور سے حراست میں لے لیا ہے۔

اس سے قبل پاکستان تحریک انصاف کے رہنما اور قومی اسمبلی کے سابق ڈپٹی اسپیکر قاسم سوری کو اسلام آباد سے گرفتار کیا گیا تھا۔

اسلام آباد پولیس کے ترجمان کے مطابق پاکستان تحریک انصاف کے رہنماؤں شاہ محمود قریشی، اسد عمر، فواد چوہدری، جمشید اقبال چیمہ، مسرت چیمہ، فلک ناز چترالی اور ملیکہ بخاری کو لوگوں کو پرتشدد مظاہروں پر اکسانے کے الزام میں گرفتار کیا گیا ہے۔


Previous Post Next Post

Contact Form