پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) نے سابق ایڈمنسٹریٹر کراچی مرتضیٰ وہاب کو میئر کراچی بنانے کا فیصلہ کیا ہے۔
میئر کراچی کے لیے پاکستان پیپلز پارٹی نے سابق صدر اور شریک چیئرمین پیپلز پارٹی آصف زرداری، چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو اور سینئر رہنماؤں سے مشاورت مکمل کرلی ہے۔
پیپلز پارٹی کے چیئرمین اور وزیر خارجہ بلاول بھٹو نے مرتضیٰ وہاب کو میئر کراچی کے لیے پیپلز پارٹی کا امیدوار بنانے کی منظوری دے دی۔
کراچی کے 25 ٹاؤنز میں چیئرمین کے امیدواروں کے ناموں کو بھی حتمی شکل دے دی گئی ہے، پرویز ڈوڈا بلدیہ اور ہمایوں محمد خان ماڑی پور ٹاؤن کے چیئرمین ہوں گے جبکہ گڈاپ ٹاؤن سے سلمان عبداللہ مراد چیئرمین کے امیدوار ہوں گے۔
اس کے علاوہ پیپلز پارٹی نے میئر حیدرآباد کے لیے کاشف شورو کے نام کی منظوری دے دی ہے۔
دوسری جانب پیپلز پارٹی سندھ کے صدر نثار کھوڑو کا کہنا ہے کہ پارٹی نے میئر اور ڈپٹی میئر کے لیے پارٹی امیدوار کے نام وں کو حتمی شکل نہیں دی ہے تاہم میئر اور ڈسٹرکٹ کونسل چیئرمین کے لیے امیدواروں کے ناموں پر غور کیا جا رہا ہے۔
نثار کھوڑو کا کہنا تھا کہ بلدیاتی عہدوں کے لیے امیدواروں کے ناموں پر مشاورت جاری ہے اور امیدواروں کے ناموں کے حوالے سے باضابطہ اعلان کیا جائے گا۔
سندھ حکومت کا وفد کل لاہور میں چیف الیکشن کمشنر سے ملاقات کرے گا۔ ناصر حسین شاہ اور مرتضیٰ وہاب وفد میں شامل ہوں گے۔
اجلاس میں میئر کراچی کے انتخابی شیڈول پر تبادلہ خیال کیا جائے گا۔ سندھ حکومت چاہتی ہے کہ میئر کراچی کا انتخاب فوری طور پر ہو۔