وزیر مملکت برائے خارجہ امور حنا ربانی کھر نے کہا ہے کہ یورپ اور ایشیا بحرالکاہل کے درمیان تجارت، سرمایہ کاری اور پائیدار ترقی کے شعبوں میں تعاون بڑھانے کی ضرورت ہے۔
وہ اسٹاک ہوم میں یورپی یونین کے انڈو پیسفک وزارتی فورم سے یورپی یونین کے اعلی نمائندے جوزف بوریل اور سویڈن کے وزیر خارجہ ٹوبیاس بلسٹروم کی دعوت پر خطاب کر رہی تھیں۔
"مزید پائیدار اور جامع خوشحالی کی تعمیر" کے موضوع پر گول میز مباحثے میں حصہ لیتے ہوئے وزیر خارجہ نے ایشیا کے وسط میں تجارت، سرمایہ کاری اور رابطے کے مرکز کے طور پر پاکستان کے کردار کو اجاگر کیا جو یورپی شراکت داروں کے ساتھ اپنے روابط کو گہرا کرنا چاہتا ہے۔انہوں نے یورپی یونین گلوبل گیٹ وے اسٹریٹجی اور گرین ڈیل جیسے یورپی استحکام اور رابطے کے اقدامات کو سراہا۔ انہوں نے اس امید کا اظہار کیا کہ یورپی یونین کی نئی جی ایس پی پلس سہولت پائیدار ترقی کو فروغ دینے اور غربت کے خاتمے کے اپنے بنیادی مقصد پر توجہ مرکوز کرتی رہے گی۔
کھر نے اقوام متحدہ کے پائیدار ترقیاتی اہداف کے مطابق پائیداری اور شمولیت کے درمیان باہمی تعلقات کو تسلیم کرنے کی اہمیت پر زور دیا۔
انہوں نے اس بات پر بھی زور دیا کہ غلط فہمیوں، معاشی تناؤ، تحفظ پسندی کی نئی شکلوں اور ایسے اصولوں کے انتخاب سے اجتناب کیا جائے جو آزاد تجارت، اقتصادی تعاون اور باہمی ربط کو نقصان پہنچا سکتے ہیں۔
حنا ربانی نے ابھرتے ہوئے عالمی چیلنجوں اور غیر روایتی سیکیورٹی خطرات جیسے موسمیاتی تبدیلی، وبائی امراض، پانی، توانائی اور فوڈ سیکیورٹی سے نمٹنے کے لئے شراکت داری کی ضرورت پر زور دیا۔