اسلام آباد(ڈیلی پاکستان آن لائن)اسلام آباد کی ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن عدالت نے اسامہ ستی قتل کیس میں 2 پولیس اہلکاروں کو سزائے موت اور 3 کو عمر قید کی سزا سنا دی۔
تفصیلات کے مطابق ایڈیشنل سیشن جج زیبا چوہدری نے اسامہ ستی قتل کیس کا محفوظ فیصلہ سنایا۔
عدالت نے 31 جنوری کو ٹرائل مکمل ہونے پر کیس محفوظ کرلیا۔ اسامہ ستی قتل کیس دو سال ایک ماہ سے عدالت میں زیر سماعت تھا۔
اس سے قبل 15 اکتوبر 2021 کو انسداد دہشت گردی کی عدالت نے اسامہ ستی قتل کیس میں 5 ملزمان پولیس اہلکاروں پر فرد جرم عائد کی تھی۔
واضح رہے کہ اسامہ ستی کو انسداد دہشت گردی اسکواڈ (اے ٹی ایس) کے اہلکاروں نے اس وقت ہلاک کیا تھا جب انہوں نے دعویٰ کیا تھا کہ اسلام آباد میں وائرلیس پر ڈکیتی کی رپورٹ کے بعد لڑکے نے چیک پوائنٹ پر اپنی گاڑی روکنے سے انکار کردیا تھا۔ پوسٹ مارٹم رپورٹ میں بعد میں پتہ چلا کہ لڑکے کو سامنے سے کئی بار گولی ماری گئی تھی۔