اسلام آباد(ڈیلی پاکستان آن لائن)وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی احسن اقبال نے کہا ہے کہ حکومت نے انٹرن شپ پروگرام کا آغاز کردیا ہے جس کے تحت ملک بھر سے 60 ہزار نوجوان گریجویٹس کو معاوضہ انٹرن شپ دی جائے گی۔
ایک بیان میں وفاقی وزیر نے دنیا کی ٹاپ 25 یونیورسٹیوں میں داخلے حاصل کرنے والوں کو اسکالرشپس کی پیشکش بھی کی ہے۔
وفاقی وزیر نے مزید کہا کہ یونیورسٹی کے ایک لاکھ طالب علموں کو لیپ ٹاپ فراہم کیے جائیں گے تاکہ انہیں ڈیجیٹل طور پر بااختیار بنایا جا سکے۔
انہوں نے مزید کہا کہ ہمارے گزشتہ دور حکومت میں ہم نے 10 لاکھ لیپ ٹاپ فراہم کیے جس کے نتیجے میں نوجوانوں میں فری لانسنگ کلچر کو فروغ ملا۔
گزشتہ ماہ اقبال نے ملک کے بے روزگار گریجویٹس کو 20 ہزار اسکالرشپس دینے کا اعلان کیا تھا۔ انہوں نے یہ اعلان اسلام آباد میں اعلیٰ تعلیم اور افرادی قوت کی ترقی سے متعلق بین الاقوامی کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔
احسن اقبال نے مزید اعلان کیا کہ وزیر اعظم شہباز شریف کی جانب سے حال ہی میں شروع کیے گئے یوتھ ڈیولپمنٹ انیشی ایٹوز (وائی ڈی آئی) کے تحت ملک کے دور دراز علاقوں کے طلباء کو وظائف بھی دیئے جائیں گے۔
اس سے قبل دسمبر 2022 میں معاون خصوصی برائے امور نوجوانان شزا فاطمہ خواجہ نے اعلان کیا تھا کہ وفاقی حکومت نے وزیراعظم یوتھ پروگرام (پی ایم وائی پی) کے تحت وزیراعظم لیپ ٹاپ اسکیم اور دیگر مختلف اسکیموں کو بحال کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔