غداری کیس: فواد چوہدری کی ضمانت منظور

 

اسلام آباد(ڈیلی پاکستان آن لائن)اسلام آباد کی ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن عدالت نے پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے رہنما فواد چوہدری کی ضمانت منظور کرلی۔

ایڈیشنل ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج فیضان حیدر گیلانی نے الیکشن کمیشن آف پاکستان (ای سی پی) کے ارکان کو دھمکیاں دینے کے الزام میں سابق وزیر اطلاعات کی ضمانت منظور کرلی۔
عدالت نے فواد چوہدری کی درخواست ضمانت اس شرط پر منظور کی کہ وہ کسی آئینی ادارے کے خلاف اس طرح کے الفاظ دوبارہ نہیں دہرائیں گے۔
عدالت نے پی ٹی آئی رہنما کی 20 ہزار روپے کے مچلکے پر ضمانت منظور کرلی۔

کیس
اسلام آباد پولیس نے گزشتہ ہفتے سابق وفاقی وزیر فواد چوہدری کو الیکشن کمیشن کے ارکان کو دھمکیاں دینے کے الزام میں ان کی رہائش گاہ سے گرفتار کیا تھا۔

الیکشن کمیشن آف پاکستان (ای سی پی) کے سیکریٹری عمر حامد خان کی شکایت پر فواد چوہدری کے خلاف اسلام آباد کے کوہسار تھانے میں مقدمہ درج کیا گیا تھا۔

پی ٹی آئی رہنما کے خلاف تعزیرات پاکستان کی دفعہ 153 اے (گروہوں کے درمیان دشمنی کو فروغ دینا)، 506 (مجرمانہ دھمکی)، 505 (عوامی شرارت کے لیے بیان دینا) اور 124 اے (غداری) کے تحت مقدمہ درج کیا گیا تھا۔

ایف آئی آر کے مطابق فواد چوہدری نے لاہور میں عمران خان کی رہائش گاہ کے باہر اپنی تقریر میں الیکشن کمیشن، اس کے ارکان اور ان کے اہل خانہ کو متنبہ کیا۔



Previous Post Next Post

Contact Form