پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) نے الیکشن کمیشن آف پاکستان (ای سی پی) سے قومی اسمبلی کی 33 نشستوں پر ضمنی انتخابات کی تاریخ تبدیل کرنے کا مطالبہ کیا ہے جو اسپیکر قومی اسمبلی راجہ پرویز اشرف کی جانب سے پی ٹی آئی اراکین اسمبلی کے استعفے قبول کرنے کے بعد خالی ہوئی تھیں۔
تفصیلات کے مطابق پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے سیکریٹری جنرل اسد عمر نے سیکریٹری الیکشن کمیشن کو خط لکھا ہے جس میں انہوں نے قومی اسمبلی کی 33 خالی نشستوں پر ضمنی انتخابات 16 مارچ کے بجائے 19 مارچ کو کرانے کا مطالبہ کیا ہے۔
خط میں اسد عمر کا کہنا تھا کہ جمعرات کو کام کا دن ہونے کی وجہ سے خراب ٹرن آؤٹ کا امکان ہے۔ انہوں نے الیکشن کمیشن پر زور دیا کہ وہ اتوار (19 مارچ) کو انتخابات کرائے، انہوں نے کہا کہ "انتخابات کی تاریخ میں معمولی سی تبدیلی سے ووٹروں کی شرکت کی حوصلہ افزائی ہوگی"۔
واضح رہے کہ اسپیکر قومی اسمبلی راجہ پرویز اشرف کی جانب سے پی ٹی آئی اراکین اسمبلی کے استعفے منظور کیے جانے کے بعد قومی اسمبلی کی 33 نشستوں پر ضمنی انتخابات 16 مارچ کو ہوں گے۔