بارکھان قتل کیس: پولیس نے سردار عبدالرحمٰن کھیتران کو گرفتار کر لیا





 کوئٹہ: (دنیا نیوز) بلوچستان کے وزیر مواصلات سردار عبدالرحمٰن کھیتران کو کوئٹہ سے گرفتار کر لیا گیا۔

پولیس نے تصدیق کی ہے کہ صوبائی وزیر سردار عبدالرحمان کھیتران کو کوئٹہ سے گرفتار کرکے ڈی آئی جی آفس منتقل کردیا گیا ہے۔ پولیس نے مزید بتایا کہ اگلے احکامات کے بعد کھیتران کو کینٹ تھانے منتقل کیا جائے گا۔


بارکھان میں بے رحمی سے قتل کیے گئے تین افراد کے ورثا کوئٹہ کے ریڈ زون میں دھرنا جاری رکھے ہوئے ہیں۔


بلوچستان کے وزیر سردار عبدالرحمٰن کھیتران پر بارکھان میں ہولناک قتل کا الزام ہے۔ جاں بحق افراد کے ورثا محمد مری کے اہل خانہ کے پانچ لاپتہ افراد کی بازیابی اور کھیتران کی گرفتاری کا مطالبہ کر رہے تھے۔


لواحقین نے حکومت کی جانب سے تشکیل دی گئی انکوائری کمیٹی کو مسترد کرتے ہوئے بلوچستان ہائی کورٹ کے جج کی سربراہی میں جوڈیشل کمیٹی بنانے کا مطالبہ کیا۔


مظاہرین نے اپنے مطالبات پورے ہونے تک دھرنا جاری رکھنے کا عزم ظاہر کیا اور دعویٰ کیا کہ عبدالرحمان کھیتران کے گھر پر چھاپہ پولیس کا ڈرامہ ہے۔


بارکھان قتل

بلوچستان کے ضلع بارکھان میں پولیس نے کنویں سے ایک خاتون اور اس کے دو بیٹوں کی گولیوں سے چھلنی تین لاشیں برآمد کی ہیں۔


پولیس کا کہنا ہے کہ جاں بحق ہونے والی خاتون خان محمد مری نامی شہری کی بیوی تھی اور دیگر لاشوں کی شناخت اس کے دو بیٹوں کے نام سے ہوئی ہے۔


Previous Post Next Post

Contact Form