چیف جسٹس نے پنجاب اور کے پی انتخابات میں تاخیر کا ازخود نوٹس لے لیا

 

اسلام آباد(ڈیلی پاکستان آن لائن)چیف جسٹس آف پاکستان جسٹس عمر عطا بندیال نے پنجاب اور خیبرپختونخوا اسمبلیوں کے انتخابات میں تاخیر کا ازخود نوٹس لے لیا۔

سپریم کورٹ کے اعلامیے کے مطابق چیف جسٹس عمر عطا بندیال نے سپریم کورٹ کے رجسٹرار کی جانب سے جاری کردہ نوٹ پر نوٹس لیا۔ چیف جسٹس نے ریمارکس دیئے کہ معلوم ہوا ہے کہ دو صوبائی اسمبلیوں کو تحلیل ہوئے ایک ماہ گزر چکا ہے۔

چیف جسٹس کی سربراہی میں پانچ رکنی بینچ کل کیس کی سماعت کرے گا۔

صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی کی جانب سے پنجاب اور خیبر پختونخوا اسمبلیوں کے عام انتخابات کے لیے 9 اپریل کی تاریخ کا اعلان کیے جانے کے بعد یہ پیش رفت سامنے آئی ہے۔ آئین کی دفعہ 57 (2) کے تحت تاریخ کا اعلان کیا گیا ہے۔

صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے چیف الیکشن کمشنر سلطان سکندر راجہ کو لکھے گئے خط میں کہا ہے کہ آئین اسمبلیوں کی تحلیل کے بعد انتخابات کے انعقاد کے لیے 90 دن سے زیادہ کی اجازت نہیں دیتا اور انہوں نے آئین کے دفاع اور تحفظ کا حلف اٹھایا ہے۔

خط میں کہا گیا ہے کہ الیکشن کمیشن، گورنر خیبر پختونخوا اور پنجاب 90 روز میں انتخابات کرانے کی اپنی ذمہ داریاں پوری نہیں کر رہے اور صدر مملکت نے آئین کی خلاف ورزی سے بچنے کے لیے انتخابات کی تاریخ کا اعلان کیا ہے۔


Previous Post Next Post

Contact Form