اسلام آباد(ڈیلی پاکستان آن لائن)الیکشن کمیشن آف پاکستان نے پنجاب میں عام انتخابات کے شیڈول کا اعلان کردیا۔
الیکشن کمیشن نے اعلان کیا ہے کہ پنجاب صوبائی اسمبلی کے انتخابات کے لیے پولنگ 30 اپریل کو ہوگی۔
انتخابی شیڈول کے مطابق امیدوار 12 سے 14 مارچ تک کاغذات نامزدگی جمع کروا سکیں گے جبکہ کاغذات نامزدگی کی جانچ پڑتال 22 مارچ کو ہوگی۔
الیکشن کمیشن نے اعلان کیا ہے کہ امیدوار 5 اپریل تک اپنے کاغذات نامزدگی واپس لے سکیں گے اور امیدواروں کو انتخابی نشانات 6 اپریل کو الاٹ کیے جائیں گے۔
واضح رہے کہ صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے پنجاب میں انتخابات کے لیے 30 اپریل کی تاریخ کا اعلان کیا تھا۔
صدر عارف علوی کی جانب سے یہ اعلان الیکشن کمیشن کی جانب سے سپریم کورٹ کے فیصلے کی روشنی میں صوبے میں انتخابات کی تاریخوں کے تعین کے چند منٹ بعد سامنے آیا ہے۔
صدر کے دفتر نے ٹویٹ کیا کہ صدر نے الیکشن کمیشن کی جانب سے تجویز کردہ تاریخوں پر غور کرنے کے بعد تاریخ کا اعلان کیا۔
الیکشن کمیشن نے صدر مملکت عارف علوی کو لکھے گئے خط میں پنجاب میں انتخابات کی تاریخ 30 اپریل سے 7 مئی کے درمیان تجویز کی تھی۔