بابر اعظم ٹی ٹوئنٹی میں تیز ترین 9 ہزار رنز بنانے والے بن گئے

 


لاہور(ڈیلی پاکستان آن لائن)پشاور زلمی کے کپتان بابر اعظم ٹی ٹونٹی کرکٹ میں تیز ترین 9ہزار رنز مکمل کرنے والے بلے باز بن گئے ہیں۔

پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) سیزن 8 کے پہلے ایلیمنیٹر میں اسلام آباد یونائیٹڈ کے خلاف پشاور زلمی کے میچ میں 39 گیندوں پر 64 رنز بنانے والے بابر اعظم نے ٹی 20 کے عظیم بلے باز کرس گیل کو پیچھے چھوڑتے ہوئے ٹی 20 میں تیز ترین 9000 رنز بنانے کا اعزاز حاصل کرلیا۔

دائیں ہاتھ کے بلے باز نے یہ سنگ میل صرف 245 اننگز میں حاصل کیا جو 249 اننگز کھیلنے والے گیل کے پچھلے ریکارڈ سے چار اننگز کم ہے۔

بھارت کے سپر اسٹار ویرات کوہلی 271 اننگز میں یہ سنگ میل عبور کرنے کے ساتھ اس فہرست میں تیسرے نمبر پر ہیں، اس کے بعد آسٹریلیا کے ڈیوڈ وارنر (273) اور ایرون فنچ (281) ہیں۔
واضح رہے کہ شعیب ملک کے بعد بابر اعظم ٹی ٹوئنٹی میں 9 000 رنز مکمل کرنے والے دوسرے پاکستانی بلے باز ہیں جنہوں نے اب تک مختصر ترین فارمیٹ میں 12528 رنز بنائے ہیں۔

بابر اعظم کی شاندار نصف سنچری نے زلمی کے لیے شاندار آغاز کیا لیکن یونائیٹڈ کے باؤلرز نے پہلی اننگز کے آخری سات اوورز میں شاندار واپسی کرتے ہوئے زلمی کو پہلے ایلیمنیٹر میں 8 وکٹوں کے نقصان پر 183 رنز پر روک دیا۔


Previous Post Next Post

Contact Form