اسلام آباد(ڈیلی پاکستان آن لائن)پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین اور سابق وزیراعظم عمران خان نے سپریم کورٹ کی جانب سے خیبرپختونخوا اور پنجاب میں 90 روز میں انتخابات کرانے کے فیصلے کے بعد ہفتہ سے انتخابی مہم شروع کرنے کا اعلان کردیا۔
ویڈیو لنک کے ذریعے پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے سابق وزیراعظم کا کہنا تھا کہ وہ انتخابی مہم کے دوران عوامی اجتماع سے خطاب کریں گے، ہفتے کو پی ٹی آئی کے اگلے لائحہ عمل کا اعلان کروں گا۔
عمران خان نے سپریم کورٹ کی جانب سے پنجاب اور خیبر پختونخوا میں 90 دن کے اندر انتخابات کرانے کے فیصلے کا خیر مقدم کرتے ہوئے کہا کہ عدلیہ نے آج اپنے فیصلے کے ذریعے آئین کی پاسداری کی اپنی ذمہ داری پوری کی ہے۔