لاہور ہائی کورٹ نے پی ٹی آئی کارکنوں کی نظر بندی کالعدم قرار دے دی

 


لاہور(ڈیلی پاکستان آن لائن)لاہور ہائیکورٹ راولپنڈی بنچ نے تحریک انصاف کے کارکنوں کی نظر بندی کالعدم قرار دے دی۔

تفصیلات کے مطابق جسٹس چوہدری عبدالعزیز نے پی ٹی آئی رہنما عامر کیانی کی جانب سے پی ٹی آئی کارکنوں کی نظر بندی کے خلاف دائر درخواست پر سماعت کی۔

عدالت نے کہا کہ سیاست کے نام پر ملک کو تباہ کیا جا رہا ہے۔ عدالت نے ریمارکس دیئے کہ جب نئی حکومت اقتدار میں آتی ہے تو وہ سابقہ حکومتوں کے خلاف مقدمات درج کرتے ہیں اور یہ پاکستان کے وجود میں آنے کے وقت سے ہو رہا ہے۔

حکومتی وکیل نے عدالت کو بتایا کہ انتظامیہ نے اٹک سے پی ٹی آئی کے امیدوار عمیر کی تحویل کے احکامات واپس لے لیے ہیں۔
درخواست گزار کے وکیل رؤف صدیقی نے عدالت کو بتایا کہ راولپنڈی سے 57 اور اٹک سے 4 افراد کو گرفتار کیا گیا جن میں پی پی 3 اٹک سے ایم پی اے امیدوار عمیر بھی شامل ہیں۔

دونوں فریقین کے دلائل سننے کے بعد عدالت نے نظر بندی کے نوٹیفکیشن کو کالعدم قرار دے دیا۔

اس سے قبل انسداد دہشت گردی کی عدالت میں عمران خان کی پیشی کے دوران توڑ پھوڑ کے الزام میں گرفتار پی ٹی آئی کارکنوں کی ضمانت کے لیے درخواست دائر کی گئی تھی۔

پی ٹی آئی کے وکلا نے واقعے میں مبینہ طور پر ملوث ہونے کے الزام میں گرفتار پی ٹی آئی کے 36 کارکنوں کی ضمانت کے بعد درخواست دائر کی تھی۔


Previous Post Next Post

Contact Form