لاہور(ڈیلی پاکستان آن لائن)پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے چیئرمین اور سابق وزیراعظم عمران خان نے مینار پاکستان پر پارٹی کے تاریخی جلسوں سے خطاب کرتے ہوئے ملکی خوشحالی کیلئے معاشی روڈ میپ پیش کردیا۔
پی ٹی آئی کے صدر پرویز الٰہی اور اسد قیصر پرویز خٹک اور قاسم سوری سمیت پارٹی کے دیگر رہنما بھی اسٹیج پر موجود تھے۔
پاور شو سے خطاب کرتے ہوئے عمران خان نے پنجاب حکومت کی جانب سے پیدا کی گئی رکاوٹوں کے باوجود جلسہ گاہ تک پہنچنے پر پارٹی کارکنوں اور حامیوں کی تعریف کی۔
پی ٹی آئی سربراہ نے الزام عائد کیا کہ ان کی حکومت کو ایک سازش کے تحت گرایا گیا اور ملک پر 'جرائم پیشہ گروہ' مسلط کیے گئے۔ انہوں نے کہا کہ آج یہ پیغام دیا جانا چاہئے کہ کوئی بھی طاقت کے زور پر لوگوں کے جذبے کو روک نہیں سکتا۔
پنجاب حکومت کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے عمران خان نے دعویٰ کیا کہ پی ٹی آئی کے دو ہزار سے زائد کارکنوں کو لے جایا گیا ہے اور کنٹینرز رکھے گئے ہیں تاکہ پارٹی حامیوں کو جلسہ گاہ تک پہنچنے سے روکا جا سکے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان کے عوام نے ہر قسم کے ظلم و ستم برداشت کیے ہیں، اگر کوئی قوم ظلم کے خلاف مزاحمت نہیں کرے گی تو وہ ترقی نہیں کر سکتی۔ انہوں نے مزید کہا کہ ایک قوم کو 'حقیقی آزادی' تب ملتی ہے جب 'قانون کی بالادستی' ہو۔
انہوں نے کہا کہ یہ بدقسمتی کی بات ہے کہ ملک کی تاریخ میں ہمارے جمہوری رہنماؤں نے کبھی بھی قانون کی حکمرانی کو برقرار نہیں رکھا، مارشل لاء کے دوران آئین اور قانون کو ختم کیا گیا۔
سابق وزیر اعظم نے ان کے خلاف 'فرضی مقدمات درج کرنے' پر بھی حکومت کو تنقید کا نشانہ بنایا اور کہا کہ انہوں نے دہشت گردی اور توہین مذہب سمیت متعدد الزامات کے تحت 143 'جعلی مقدمات' درج کیے ہیں۔