اسلام آباد ہائی کورٹ نے عمران خان کی عدالت میں پیشی کے لیے سیکیورٹی ایس او پیز کا نوٹیفکیشن جاری کر دیا

 


اسلام آباد ہائی کورٹ نے پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے چیئرمین اور سابق وزیراعظم عمران خان کی عدالت میں پیشی کے لیے سیکیورٹی ایس او پیز کا نوٹیفکیشن جاری کردیا۔

تفصیلات کے مطابق چیف جسٹس اسلام آباد ہائی کورٹ کے کمرہ عدالت میں داخلے کی اجازت صرف انٹری پاس کے ساتھ ہوگی۔

اسلام آباد انتظامیہ اور پولیس کو 9 مارچ کو تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان کی عدالت میں پیشی کے موقع پر سخت سیکیورٹی انتظامات کرنے کی ہدایت کی گئی تھی۔

اسلام آباد ہائی کورٹ نے عمران خان کے وکلا سے 15 ناموں کی فہرست طلب کرلی، اٹارنی جنرل آفس اور آئی جی اسلام آباد سے 5، 5 نام وں کی فہرست طلب کی گئی۔
اسلام آباد جرنلسٹ ایسوسی ایشن 30 صحافیوں کی فہرست اسلام آباد ہائی کورٹ کے رجسٹرار آفس کو فراہم کرے گی۔

مزید برآں، فہرست 8 مارچ کو سہ پہر 3 بجے سے پہلے رجسٹرار آفس میں جمع کرائی جائے۔

اس سے قبل پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین اور سابق وزیراعظم عمران خان نے الیکشن کمیشن آف پاکستان (ای سی پی) کے باہر احتجاج سے متعلق کیس میں اسلام آباد کی انسداد دہشت گردی کی عدالت سے عبوری ضمانت حاصل کرلی تھی۔

واضح رہے کہ توشہ خانہ ریفرنس میں الیکشن کمیشن آف پاکستان کی جانب سے سابق وزیراعظم اور پاکستان تحریک انصاف کے سربراہ کو نااہل قرار دیے جانے کے بعد اسلام آباد میں احتجاج کے دوران مبینہ توڑ پھوڑ پر پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کی مقامی قیادت کے متعدد ارکان کے خلاف مقدمہ درج کیا گیا تھا۔


Previous Post Next Post

Contact Form