شہید بریگیڈیئر مصطفی کمال برکی کی نماز جنازہ ادا کر دی گئی

 


راولپنڈی(ڈیلی پاکستان آن لائن)جنوبی وزیرستان کے علاقے انگور اڈہ میں دہشتگردوں سے مقابلے میں شہید ہونے والے بریگیڈیئر مصطفی کمال برکی کی نماز جنازہ ریس کورس راولپنڈی میں ادا کردی گئی۔

نماز جنازہ میں صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی، وزیراعظم شہباز شریف، چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی جنرل ساحر شمشاد مرزا، چیف آف آرمی سٹاف جنرل سید عاصم منیر، ڈی جی آئی ایس آئی لیفٹیننٹ جنرل ندیم احمد انجم اور حاضر سروس و ریٹائرڈ فوجی افسران و جوانوں، سرکاری افسران، اراکین پارلیمنٹ اور عوام کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔


شہید افسر کو قوم کے لیے ان کی خدمات کے اعتراف میں پورے فوجی اعزاز کے ساتھ آرمی قبرستان میں سپرد خاک کر دیا گیا۔

اپنے فوجی کیریئر کے دوران بریگیڈیئر برکی انسداد دہشت گردی کی سرگرم کارروائیوں میں ملوث رہے اور کے پی کے اور بلوچستان میں متعدد دہشت گرد نیٹ ورکس کو کامیابی کے ساتھ ختم کیا۔ پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق انہوں نے 2016 میں اے پی ایس حملے میں ملوث دہشت گرد نیٹ ورکس کو بے اثر کرنے میں اہم کردار ادا کیا تھا۔


قوم ان کی زندگی میں گراں قدر خدمات اور پاکستان کے لئے دی جانے والی عظیم قربانیوں کا اعتراف کرتی ہے۔ مسلح افواج اور انٹیلی جنس ایجنسیاں دہشت گردی کے خلاف ثابت قدم ہیں اور ہر قیمت پر دہشت گردی کی لعنت کو ختم کرنے کے عزم کا اعادہ کرتی ہیں۔

Previous Post Next Post

Contact Form