پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) نے سابق وزیراعظم عمران خان کی رہائش گاہ پر ممکنہ آپریشن کے خلاف لاہور ہائی کورٹ میں درخواست دائر کردی۔
پی ٹی آئی کے نائب صدر فواد چوہدری نے اظہر صدیق اور ظفر اقبال کے ذریعے لاہور ہائی کورٹ میں درخواست دائر کی جس میں عدالت سے عمران خان کی رہائش گاہ پر ممکنہ آپریشن روکنے کا حکم دینے کی استدعا کی گئی۔
درخواست میں پنجاب حکومت، انسپکٹر جنرل (آئی جی)، سی سی پی او لاہور اور دیگر کو فریق بنایا گیا ہے۔
درخواست میں کہا گیا ہے کہ زمان پارک میں متوقع پولیس آپریشن کی اطلاعات ہیں جس سے امن و امان کی صورتحال بگڑ سکتی ہے اور جان و مال کا نقصان ہوسکتا ہے۔ یہ آپریشن پی ٹی آئی کو انتخابی مہم سے روکنے کے حکومتی منصوبے کا حصہ ہے۔
سیاسی جماعت نے لاہور ہائی کورٹ سے مطالبہ کیا کہ پولیس کو عمران خان کی رہائش گاہ پر آپریشن کرنے سے روکا جائے۔
عمران خان نے لاہور میں اپنی رہائش گاہ زمان پارک میں پولیس آپریشن کے خلاف توہین عدالت کی درخواست دائر کی تھی۔