لاہور:(پاک آنلائن نیوز) پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے صدر اور سابق وزیراعلیٰ پنجاب پرویز الٰہی نے کہا ہے کہ مسلم لیگ (ن) کے قائد نواز شریف بیرون ملک بیٹھ کر عمران خان اور عدلیہ کو بدنام کرنے کی مہم چلا رہے ہیں۔
سابق اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر اور سینیٹر ذیشان خانزادہ نے پرویز الٰہی سے ملاقات کی جس میں سیاسی صورتحال، پنجاب اور خیبرپختونخوا کے انتخابات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
پرویز الٰہی نے کہا کہ عمران خان نے ہمیشہ قانون اور عدلیہ کا احترام کیا ہے جبکہ نااہل حکمران اب آئین کی خلاف ورزیاں کرکے جمہوریت کو داغدار کر رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ عمران خان کے خلاف مقدمات حکمران جماعت مسلم لیگ (ن) کے ایما پر سیاسی انتقام کے لیے دائر کیے گئے۔
سابق وزیراعلیٰ پنجاب نے کہا کہ بین الاقوامی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف) نے بھی نااہل حکمرانوں پر عدم اعتماد کا اظہار کیا ہے جو اب قوم پر مہنگائی کا بم گرا کر فنڈ کو خوش کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔
انہوں نے موجودہ حکمرانوں پر زور دیا کہ وہ سپریم کورٹ کی ہدایات پر عمل کرتے ہوئے انتخابات کرائیں۔