اسرائیلی وزیر اعظم بینجمن نیتن یاہو نے ملک میں مجوزہ عدالتی اصلاحات کے خلاف بیان دینے کے ایک روز بعد وزیر دفاع یوو گیلنٹ کو برطرف کر دیا ہے۔
اس اعلان کے بعد اتوار کے روز ہزاروں مظاہرین تل ابیب کی سڑکوں پر نکل آئے اور ایک اہم شاہراہ کو بند کر دیا۔
اس اقدام سے یہ اشارہ ملتا ہے کہ نیتن یاہو اس ہفتے اصلاحات کے منصوبے کے ساتھ آگے بڑھیں گے، جس کی وجہ سے بڑے پیمانے پر مظاہرے ہوئے ہیں، فوجی اور کاروباری رہنما ناراض ہیں اور اسرائیل کے اتحادیوں میں تشویش پیدا ہوگئی ہے۔
نیتن یاہو کی دائیں بازو کی جماعت لیکوڈ پارٹی کے سینیئر رکن گیلنٹ نے ہفتے کی رات اسرائیل کے عدالتی نظام کو تبدیل کرنے کے لیے قانون سازی کو منجمد کرنے کا مطالبہ کرتے ہوئے اپنی صفیں توڑ دیں۔
نیتن یاہو کے دفتر سے جاری ہونے والے ایک مختصر بیان میں کہا گیا ہے کہ وزیر اعظم نے گیلنٹ کو برطرف کر دیا ہے۔ نیتن یاہو نے بعد میں ٹویٹ کیا کہ "ہم سب کو انکار کے خلاف مضبوطی سے کھڑا ہونا چاہئے"۔
نیتن یاہو کی حکومت اس ہفتے پارلیمانی رائے شماری کے لیے آگے بڑھ رہی ہے جس کے تحت انتہائی دائیں بازو کے حکومتی اتحاد کو تمام عدالتی تقرریوں کے بارے میں حتمی فیصلہ کرنے کا موقع ملے گا۔
یہ برطرفی ایسے وقت میں کی گئی ہے جب گیلنٹ نے اس منصوبے پر فوج کی صفوں میں افراتفری کا حوالہ دیتے ہوئے متنازع قانون سازی کو اگلے ماہ یوم آزادی کی تعطیلات کے بعد تک روکنے کا مطالبہ کیا تھا۔
گیلنٹ نے مبینہ طور پر اس تشویش کا اظہار کیا تھا کہ معاشرے میں تقسیم فوج کے حوصلے پست کر رہی ہے اور خطے بھر میں اسرائیل کے دشمنوں کی حوصلہ افزائی کر رہی ہے۔
گیلنٹ نے کہا، "میں دیکھ رہا ہوں کہ کس طرح ہماری طاقت کا منبع ختم ہو رہا ہے۔
اگرچہ لیکوڈ کے کئی دیگر ارکان نے اشارہ دیا تھا کہ وہ ان کی پیروی کر سکتے ہیں ، لیکن پارٹی نے اتوار کو فوری طور پر صفیں بند کردیں ، جس سے گیلنٹ کی برطرفی کی راہ ہموار ہوگئی۔