لاہور:(پاک آنلائن نیوز) وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ پاکستان امریکا کے ساتھ باہمی فائدہ مند تعلقات کو قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے اور کثیر الجہتی شعبوں میں تجارت اور سرمایہ کاری کو مزید فروغ دینے کے لیے پرعزم ہے۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے امریکہ میں پاکستان کے سفیر سردار مسعود خان سے ملاقات کے دوران کیا۔
وزیراعظم نے سفیر کو ہدایت کی کہ پاک امریکا تجارت اور سرمایہ کاری کے فروغ کے لیے تعاون کے مزید مواقع تلاش کیے جائیں۔ انہوں نے واشنگٹن میں اسلام آباد مشن اور حکام کو ہدایت کی کہ وہ امریکی سرمایہ کاروں کے ساتھ مکمل تعاون کریں۔
وزیراعظم نے کہا کہ حکومت تجارت اور سرمایہ کاری سے متعلق قواعد و ضوابط کو مزید آسان بنانے کیلئے ترجیحی بنیادوں پر کام کر رہی ہے۔
اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے سفیر نے وزیراعظم کو امریکا میں اسلام آباد کے مشن کی کارکردگی سے آگاہ کیا۔