پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے سیکرٹری جنرل اسد عمر نے تمام رکاوٹوں کے باوجود مینار پاکستان پر حاضری پر پارٹی کارکنوں اور حامیوں کی تعریف کرتے ہوئے کہا ہے کہ آنے والا ہفتہ پاکستان کی تاریخ میں اہم موڑ ثابت ہوگا۔
لاہور میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے سابق وزیر منصوبہ بندی کا کہنا تھا کہ لاہور کے عوام خوف، گرفتاریوں اور شہر بھر میں کنٹینرز لگانے کے باوجود باہر نکل آئے۔
اسد عمر نے ملکی معیشت کو خراب کرنے پر موجودہ حکومت کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ موجودہ حکمرانوں کی جانب سے ان پر مسلط کیے جانے کے بعد قوم کو مشکلات کا سامنا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ لوگ آٹا حاصل کرنے کے لئے قطاروں میں کھڑے ہو کر اپنی جانوں سے ہاتھ دھو رہے ہیں۔