وزارت منصوبہ بندی، ترقی و خصوصی اقدامات نے رواں مالی سال کی چوتھی سہ ماہی کے لیے پبلک سیکٹر ڈویلپمنٹ پروگرام (پی ایس ڈی پی) کے تحت ترقیاتی منصوبوں کے لیے 129 ارب روپے جاری کیے ہیں۔
اس رقم میں آزاد جموں و کشمیر، گلگت بلتستان اور سابق فاٹا کے لیے 27 ارب روپے بھی شامل ہیں۔
وزارت کی جانب سے جاری اعلامیے کے مطابق پی ایس ڈی پی میں واٹر ریسورس ڈویژن اور ہائر ایجوکیشن کمیشن (ایچ ای سی) کو اولین ترجیح دی گئی ہے۔
دیامر بھاشا ڈیم، مہمند ڈیم، کچھی کینال اور نئی گج ڈیم جیسے منصوبوں کی رفتار تیز کرنے کے لیے وزارت آبی وسائل کو 30 ارب روپے کی رقم جاری کی گئی ہے، خضدار کچلاک روڈ جیسے منصوبوں کو تیز کرنے اور پرانی بنوں روڈ کی ڈبلائزیشن اور بہتری کے لیے وزارت مواصلات کے لیے 22 ارب روپے کی رقم جاری کی گئی ہے۔ مزید برآں ہائر ایجوکیشن کمیشن (ایچ ای سی) کے منصوبوں کے لیے 8 ارب روپے کی رقم جاری کی گئی ہے۔
اسی طرح وزارت ہاؤسنگ اینڈ ورکس کے لیے 4 ارب روپے، وزارت ریلوے کے لیے 8 ارب روپے اور پاور ڈویژن کے لیے 5 ارب روپے کی رقم جاری کی گئی ہے۔
Source : Pro Pakistani