اسلام آباد(ڈیلی پاکستان آن لائن)پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے چیئرمین عمران خان نے پنجاب اسمبلی کے عام انتخابات کے حوالے سے حکومت سے مذاکرات کے دوران قومی اور صوبائی اسمبلیاں 14 مئی سے قبل تحلیل کرنے کا مطالبہ کردیا۔
پی ٹی آئی کارکنوں اور حامیوں سے خطاب کرتے ہوئے سابق وزیراعظم نے کہا کہ اگر حکومت 14 مئی سے قبل قومی اور صوبائی اسمبلیاں تحلیل کر دیتی ہے تو ان کی جماعت مذاکرات کے ساتھ آگے بڑھنے کے لیے تیار ہے۔
عمران خان نے اس بات کا اعادہ کیا کہ ان کی جماعت انتخابات میں تاخیر نہیں کرنا چاہتی، انہوں نے زور دے کر کہا کہ ہم بجٹ کے بعد انتخابات کو قبول نہیں کریں گے۔
اگر انتخابات کی امید ختم ہو گئی تو پاکستان کو سری لنکا سے بھی بدتر صورتحال کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔ میں تمہیں ڈرا نہیں رہا ہوں۔ میں صرف اپنی رائے کا اظہار کر رہا ہوں۔
پی ٹی آئی سربراہ نے مزید کہا کہ حکومت کہہ رہی ہے کہ پہلے بجٹ منظور کرے گی اور پھر انتخابات کرائے گی، اس سے موجودہ حکمرانوں کی 'بدنیتی' ظاہر ہوتی ہے۔
انہوں نے یکم مئی کو یوم مزدور کے موقع پر اسلام آباد، لاہور اور پشاور میں ریلیاں نکالنے کا بھی اعلان کیا۔ انہوں نے کہا کہ لاہور ریلی کی قیادت وہ خود کریں گے، شاہ محمود قریشی اسلام آباد ریلی کی قیادت کریں گے اور پرویز خٹک پشاور ریلی کی قیادت کریں گے۔