حکومت نے پرویز الٰہی کے گھر پر چھاپے سے دوری اختیار کرلی

 


اسلام آباد(ڈیلی پاکستان آن لائن)وفاقی حکومت نے پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے صدر اور سابق وزیراعلیٰ پنجاب چودھری پرویز الٰہی کے گھر پر چھاپے سے خود کو دور کر لیا ہے جس میں ملازمین سمیت 27 افراد کو گرفتار کیا گیا ہے۔


اس عزم کا اظہار وزیر خزانہ اسحاق ڈار اور پی ٹی آئی کے سینئر وائس چیئرمین شاہ محمود قریشی کے درمیان ٹیلی فونک گفتگو کے دوران کیا گیا۔


گفتگو کے دوران اسحاق ڈار نے پرویز الٰہی کے گھر پر چھاپے میں نقاب اور دیواروں کے تقدس کی خلاف ورزی پر افسوس کا اظہار کیا۔


دریں اثناء شاہ محمود قریشی نے وزیر خزانہ کو پی ٹی آئی صدر کے اہل خانہ اور پارٹی کے تحفظات سے آگاہ کیا۔ اسحاق ڈار کا کہنا تھا کہ پرویز الٰہی کے گھر پر چھاپے سے وفاقی حکومت کا کوئی لینا دینا نہیں۔

انہوں نے کہا کہ چھاپہ نگران پنجاب حکومت کی جانب سے مارا گیا، انہوں نے یقین دلایا کہ وہ چھاپے پر پی ٹی آئی کے تحفظات سے حکومت کو آگاہ کریں گے۔


وفاقی وزیر نے مزید کہا کہ وہ اس حوالے سے پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) سے دوبارہ رابطہ کریں گے۔

واضح رہے کہ گزشتہ روز اینٹی کرپشن اسٹیبلشمنٹ (اے سی ای) کی ٹیم نے پنجاب پولیس کی بھاری نفری کے ہمراہ سابق وزیراعلیٰ پنجاب اور پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے صدر چوہدری پرویز الٰہی کے لاہور میں ظہور الٰہی روڈ پر واقع گھر پر چھاپہ مارا تھا۔


پولیس نے چھاپے کے دوران سابق وزیراعلیٰ پنجاب کے گھر میں کام کرنے والے ملازمین سمیت کم از کم 25 افراد کو گرفتار کیا تھا۔


پنجاب کے اینٹی کرپشن اسٹیبلشمنٹ (اے سی ای) کے ڈائریکٹر جنرل سہیل ظفر چٹھہ کے پولیس دستے کے ہمراہ جائے وقوعہ سے چلے جانے کے بعد آٹھ گھنٹے تک جاری رہنے والی پولیس کارروائی رک گئی۔


اے سی ای ٹیم نے سپرنٹنڈنٹ پولیس (ایس پی) ماڈل ٹاؤن کی سربراہی میں پولیس دستوں کے ہمراہ چوہدری پرویز الٰہی کے لاہور میں واقع گھر پر چھاپہ مارا۔ چھاپے کے وقت پی ٹی آئی صدر کے گھر پر سینئر وکلاء کی بڑی تعداد موجود تھی۔

Previous Post Next Post

Contact Form