امریکی محکمہ خارجہ پینٹاگون کا کہنا ہے کہ امریکی محکمہ خارجہ نے ترکی کے ایف 16 طیاروں کے موجودہ بیڑے کو اپ گریڈ کرنے کے لیے 25 کروڑ 90 لاکھ ڈالر مالیت کے دفاعی سازوسامان اور خدمات کی فروخت کی منظوری دے دی ہے۔
پینٹاگون کی جانب سے جاری بیان کے مطابق ترکی نے ایف 16 لڑاکا طیاروں کے موجودہ بیڑے کی مدد کے لیے سازوسامان اور خدمات خریدنے کی درخواست کی تھی۔
اس معاہدے میں آپریشنل فلائٹ پروگرام (او ایف پی) ایویونکس کو آٹومیٹک گراؤنڈ کولیژن اویڈنس سسٹم (اے جی سی اے ایس) کی صلاحیت کے ساتھ اپ گریڈ کرنا اور ملٹی فنکشنل انفارمیشن ڈسٹری بیوشن سسٹم بلاک اپ گریڈ ٹو (ایم آئی ڈی ایس بی یو ٹو) کے انضمام کو ممکن بنانے کے لیے ہارڈ ویئر میں دیگر تبدیلیاں شامل ہوں گی۔
محکمہ خارجہ کے ایک عہدیدار نے بتایا کہ بائیڈن انتظامیہ نے پیر کے روز کانگریس کو اس فروخت کی منظوری سے آگاہ کیا۔
ترجمان نے نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر بتایا کہ ترکی نیٹو کا دیرینہ اور قابل قدر اتحادی ہے۔ عہدیدار نے کہا کہ بائیڈن انتظامیہ ترکی کی جانب سے اپنے ایف 16 بیڑے کے ایویونکس کو معیار پر لانے کی کوششوں کی حمایت کرتی ہے، اس فروخت سے مواصلات کو اپ ڈیٹ کرکے نیٹو کے ساتھ ترکی کے باہمی تعاون میں اضافہ ہوگا اور زمینی تصادم سے بچنے کے نظام جیسے حفاظتی اقدامات کو بہتر بنانے کے لئے اپ گریڈ بھی فراہم ہوگا۔
Source : alarabiya