سوات میں سی ٹی ڈی تھانے میں دو بم دھماکے، 17 پولیس اہلکار شہید

 


سوات(ڈیلی پاکستان آن لائن)سوات کے علاقے کبل میں کاؤنٹر ٹیررازم ڈپارٹمنٹ (سی ٹی ڈی) کے تھانے میں دو بم دھماکوں کے نتیجے میں 12 پولیس اہلکاروں سمیت 17 افراد شہید اور ایک خاتون پولیس اہلکار سمیت 70 افراد زخمی ہوگئے۔

ابتدائی اطلاعات کے مطابق خیبر پختونخوا (کے پی) کے ضلع سوات کے قصبے کبل میں کاؤنٹر ٹیررازم ڈپارٹمنٹ (سی ٹی ڈی) کے تھانے میں ہونے والے دو بم دھماکوں میں متعدد پولیس اہلکار ہلاک اور دیگر زخمی ہوگئے۔

پولیس کا کہنا ہے کہ بم دھماکے کے واقعے میں 10 پولیس اہلکار شہید اور 53 زخمی ہوئے جب کہ تھانے کے اندر بند چار افراد بھی ہلاک ہوئے۔

سوات کے علاقے کبل ٹاؤن میں سی ٹی ڈی تھانے کے قریب دو بم دھماکے ہوئے۔ دھماکے کے بعد علاقے میں بجلی کی فراہمی بھی معطل ہوگئی۔

واقعے کی اطلاع ملتے ہی قانون نافذ کرنے والے اداروں کی بھاری نفری موقع پر پہنچ گئی۔
تمام اسپتالوں میں ایمرجنسی نافذ کردی گئی ہے اور ریسکیو ٹیمیں بھی جائے حادثہ پر پہنچ گئی ہیں اور زخمیوں کو مقامی اسپتال منتقل کیا جارہا ہے۔

اطلاعات کے مطابق بم دھماکوں میں متعدد پولیس اہلکار زخمی ہوئے اور قریبی عمارتوں کو بھی نقصان پہنچا۔

واقعے میں تھانے کی عمارت مکمل طور پر تباہ ہوگئی۔

وزیر اعظم شہباز شریف نے دھماکوں کی شدید الفاظ میں مذمت کی ہے۔

وزیر داخلہ رانا ثناء اللہ نے دھماکے کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے قیمتی جانوں کے ضیاع پر افسوس کا اظہار کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ شہداء کی قربانیوں کو فراموش نہیں کیا جائے گا اور دہشت گردی کی لعنت کو جڑ سے اکھاڑ پھینکا جائے گا۔

وزیر داخلہ نے بم دھماکے کے واقعے کی رپورٹ طلب کرلی۔


Previous Post Next Post

Contact Form