کوئٹہ: بلوچستان کے دارالحکومت کوئٹہ میں سریاب روڈ پر ایک اور بم دھماکہ ہوا ہے جس کے نتیجے میں 2 افراد زخمی ہوگئے۔
دوسرا دھماکا کوئٹہ کے علاقے سریاب روڈ پر ہوا جس کے نتیجے میں 2 افراد زخمی ہوگئے۔ پولیس کے مطابق دھماکا سریاب روڈ کی منیر احمد خان اسٹریٹ پر ہوا۔
پولیس کا کہنا ہے کہ دہشت گرد بم دھماکے میں ایس ایچ او سریاب کو نشانہ بنانا چاہتے تھے تاہم ایس ایچ او احسان اللہ مروت واقعے میں محفوظ رہے۔
پولیس نے بتایا کہ دھماکہ خیز مواد ایس ایچ او سریاب کی گاڑی کو نشانہ بنانے کے لئے سڑک کے کنارے ایک کھمبے کے اندر نصب کیا گیا تھا۔
قبل ازیں کوئٹہ کے علاقے بخاری سینٹر میں شارع اقبال کے قریب دھماکے کے نتیجے میں 4 افراد جاں بحق اور 8 زخمی ہوگئے تھے۔
پولیس حکام کے مطابق دھماکا اس وقت ہوا جب سپرنٹنڈنٹ آف پولیس (ایس پی) انویسٹی گیشن صدر کی گاڑی وہاں سے گزر رہی تھی۔
حکام نے تصدیق کی کہ دھماکے کے وقت ایس پی انویسٹی گیشن صدر اپنی گاڑی میں موجود نہیں تھے۔ دھماکے کے نتیجے میں متعدد گاڑیوں کو بھی نقصان پہنچا۔